سچ خبریں:حماس اسلامی مزاحمتی تحریک کے ایک سینئر رکن نے یحییٰ السنوار کو قتل کرنے کی دھمکیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سیف القدس ابھی نیام میں نہیں گئی ہے۔
وفا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سینئر رکن مشیر المصری نے صیہونی حکومت کی طرف سے غزہ میں اس تحریک کے سیاسی بیورو کے رکن یحیی السنوار کو قتل کرنے کی دھمکیوں پر ردعمل کا اظہار کیا۔
رپورٹ کے مطابق اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سینئر رکن نے کہا کہ صیہونی دشمن کو معلوم ہونا چاہیے کہ سیف القدس ابھی نیام میں نہیں گئی ہے لہٰذا اگر صہیونی حماقت سے کام لیں تو ایک ایسی جنگ ہو گی جس کے سامنے سیف القدس بھی ایک تفریح لگے گی۔
قابل ذکر ہے کہ القسام بریگیڈز کی جانب سے صیہونی حکومت کے ٹھکانوں کے خلاف موقف اختیار کرنے کے کچھ ہی دیر بعد، صہیونی فوج نے اپنے سیاسی رہنماؤں کو مشورہ دیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں تحریک حماس کے سربراہ السنوار کو فوری طور پر قتل کرنے کا خیال ذہن سے نکال دیں۔
واضح رہے کہ اس سے چند گھنٹے قبل القسام بریگیڈز کے فوجی ترجمان ابو عبیدہ نے صیہونی حکومت کی طرف سے مزاحمتی رہنماؤں کو قتل کرنے کی کسی بھی کوشش سے خبردار کیا تھا، انہوں نے یحییٰ السنوار اور مزاحمتی قائدین کے خلاف صیہونیوں کی جانب سے کسی حماقت پر چونکا دینے والے ردعمل کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ یحییٰ السنوار یا مزاحمتی قائدین میں سے کسی کو قتل کرنا زلزلہ اور خطے میں اور ایک بے مثال ردعمل کا باعث بنے گا۔