سچ خبریں:سوڈان کی فوج نے اعلان کیا کہ وہ ریپڈ ایکشن فورسز کی بار بار وعدہ خلافیوں کے بعد جنگ بندی مذاکرات میں اپنی شرکت معطل کر رہی ہے۔
سوڈانی فوج کے ترجمان نبیل عبداللہ نے بدھ کی شام سعودی عرب کے شہر جدہ میں جنگ بندی کے مذاکرات میں فوج کی شرکت معطل کرنے کا اعلان کیا۔
سوڈانی فوج کے ترجمان نے اعلان کیا کہ یہ قدم ریپڈ ایکشن فورسز کی رکاوٹوں اور ان کی جانب سے جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاج میں اٹھایا گیا ہے،نبیل عبداللہ نے مزید کہا کہ سوڈانی فوج مذاکرات جاری رکھنے سے قبل جنگ بندی کی شرائط پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔
یاد رہے کہ عبدالفتاح البرہان کی کمان میں سوڈانی فوج اور محمد حمدان عبداللہ کی کمان میں ریپڈ ایکشن فورسز کے درمیان تصادم 15 اپریل کو شروع ہوا اور تاحال جاری ہےجبکہ اس ملک میں خانہ جنگی کے نتیجے میں اب تک سینکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ دونوں فریق اب تک جنگ بندی کے سات معاہدے کر چکے ہیں لیکن یہ تمام معاہدے بے سود رہے اس لیے کہ ان کے چند دنوں کے بعد ان کی خلاف ورزی کی گئی۔
سوڈانی فوج کے بیان کے جواب میں ریپڈ ایکشن فورسز نے اعلان کیا کہ وہ غیر مشروط طور پر سعودی عرب اور امریکہ کے اقدام کی حمایت کرتے ہیں۔