سچ خبریں:پانامہ کی میری ٹائم ایڈمنسٹریشن نے کہا کہ روس کی جانب سے یوکرین پر حملہ کرنے کے ایک ماہ سے بھی کم عرصے کے اندر بحیرہ اسود میں پانامہ کے پرچم والے تین بحری جہاز روسی میزائلوں کا نشانہ بنے ہیں۔
روئٹرز خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاناما کی بحریہ کے حکام نے ایک بیان میں کہا کہ پانامہ کے پرچم والے تین بحری جہاز روسی میزائلوں کا نشانہ بنے ہیں جن میں سے ایک بحری جہاز ڈوب گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہواجبکہ دو دیگر جہازوں کو بھی نقصان پہنچا۔
پانامہ کی نیول اتھارٹی کے ڈائریکٹر نورئیل ایوریز نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہمارے تین جہازوں پر روسی میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے لیکن ان کا عملہ محفوظ ہے جبکہ ہمیں صرف مالی نقصان پہنچا ہے،یادرہے کہ تباہ ہونے والے تین بحری جہاز نامورا کوئن، لارڈ نیلسن اور ہیلٹ تھے۔
پاناما کی بحریہ نے جہازوں کے تباہ ہونے کی صحیح تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے،تاہم اراویز نے کہا کہ کم از کم 10 پاناما کے جھنڈے والے بحری جہاز ابھی بھی بحیرہ اسود میں موجود ہیں اور روسی بحریہ نے بحری جہازوں کو اس علاقے سے باہر جانے سے روک رکھا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 8000 سے زیادہ بحری جہازوں کے ساتھ پاناما کے پاس اپنے جھنڈے والے دنیا میں سب سے زیادہ جہاز ہیں۔