سچ خبریں:غزہ میں فلسطینی مزاحمتی تحریک نے ثالثوں کے ذریعے صہیونی دشمن کو پیغام دیا ہے کہ مغربی کنارے کے جنین کیمپ پر کوئی بھی حملہ مزاحمت کی سرخ لکیر پر حملہ ہوگا۔
فلسطینی سیاسی اور عسکری امور کے ایک قلمکار اور تجزیہ نگار احمد عبدالرحمن نے المیادین کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک نے دھمکی دی تھی کہ جنین پر اسرائیلی قابضین کے کسی بھی حملے کی صورت میں غزہ میدان جنگ بن جائے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عبدالرحمان نے کہا کہ جنین اور نابلس میں سرگرم الاقصی شہداء بٹالین کے غزہ میں موجود مزاحمتی گروپوں بالخصوص قدس فورسز کے ساتھ اچھے اور قریبی تعلقات ہیں، دریں اثنا اسرائیلی میڈیا نے اسرائیلی سیکورٹی اور فوجی حکام کے حوالے سے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی پورے شمال مغرب کا کنٹرول کھو چکی ہے۔
صیہونی ٹی وی چینل 12 نے کہا کہ مسئلہ افراتفری اور جنین میں بڑی مقدار میں ہتھیاروں کی موجودگی ہے جبکہ اس شہر کی صورتحال فلسطینی اتھارٹی کے ہاتھ سے مکمل طور پر باہر ہے، صیہونی چینل نے کہا کہ اس بات کا امکان ہے کہ ہمیں شمال مغرب اور جینین کے علاقے میں بڑے پیمانے پر آپریشن دیکھنے کوملیں۔
درایں اثنا حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے بھی اس بات پر زور دیا کہ جنین کے خلاف صیہونی دشمن کی دھمکیاں اس شہر کے باشندوں کے عزم کو کبھی کمزور نہیں کر سکتیں اور جنین کے خلاف کسی بھی جارحیت کے نتائج غاصبوں کو بھگتنا پڑیں گے۔