تل ابیب میں شہادت طلبانہ کارروائی کرنا والا فلسطینی نوجوان کی صیہونیوں کے ہاتھوں شہید ہو گیا۔
فلسطین ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق میڈیا ذرائع نے تل ابیب میں شہادت طلبانہ کارروائی کرنے والے فلسطینی نوجوان کی شہادت کی اطلاع دی، فلسطینی میڈیا نے بتایا ہے کہ وہ یافا کے علاقے میں صیہونی عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران شہید ہوا۔
رپورٹ کے مطابق تل ابیب میں شہادت طلبانہ آپریشن اور ایک ریسٹورنٹ میں فائرنگ کرنے والا جنین کیمپ سے تعلق رکھنے والا 29 سالہ فلسطینی جوان رعد فتحی حازم تھا،الجزیرہ نے خبر دی ہے کہ اس فلسطینی نوجوان نے مزاحمتی کارروائی کے دوران دو صیہونیوں کو ہلاک اور نو کو زخمی کر دیا۔
بعض ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ آپریشن میں ایک صیہونی ہلاک اور 10 زخمی ہوئے، یاد رہے کہ تل ابیب میں ہونے والی مزاحمتی کارروائی کے بعد کئی فلسطینی گروپوں بشمول اسلامی مزاحمتی تحریک حماس اور جہاد اسلامی نے الگ الگ بیانات جاری کرتے ہوئے اس آپریشن کی مبارکباد دیتے ہوئے اسے صیہونی حکومت کے جرائم کا قدرتی ردعمل قرار دیا اور کہا کہ اگر فلسطینیوں کے خلاف صیہونیوں کے جرائم بند نہیں ہوتے اور مسجد الاقصی کی بے حرمتی ختم نہیں ہوتی تو صیہونی اس سے بھی خطرناک اور دردناک رد عمل کے لیے تیار رہیں۔