سچ خبریں:اسرائیل بائیکاٹ تحریک نے اردن میں ہونے والی کار ریس میں 13 اسرائیلیوں کی شرکت کی مذمت کی ہے۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی سما نے اسرائیل بائیکاٹ موومنٹ بی ڈی ایس کے حوالے سے بتایا کہ آزاد عرب اقوام ہونے کے طور پر ہم اسرائیل کے ساتھ کسی بھی طرح کےتعلقات کو معمول پر لانے اور تعاون کی مخالفت کرتے ہیں نیز اردن میں ہونے والی کارریس میں 13 اسرائیلی شرکاء کی میزبانی کی مذمت کرتے ہیں۔
اس تحریک نے مقابلے کو ختم کرنے اور اسرائیلی شرکاء کے بائیکاٹ نیز فلسطینی کاز کی حمایت میں عرب شرکاء کے دستبردار ہونے کا مطالبہ کیا،یادرہے کہ اردن کی یونیورسٹیوں میں اردنی کارکنوں اور طلباء کی انجمنوں نے جمعرات کو ایک آن لائن مہم کا آغاز کیا جس میں اردن میں ہونے والی بین الاقوامی کار ریلی کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا کیونکہ ان کے خیال میں یہ صیہونیوں کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی طرف ایک قدم ہے۔
یادرہے کہ کچھ عرب ممالک کے حکمراں اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کی طرف تیزی سے بڑھ رہے ہیں جس کے لیے وہ کسی بھی موقع کو ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ہیں یہاں تک کہ انھوں نے کھیل کو بھی اس میں شامل کر لیا ہے اور اس بہانے سے اسرائیل کو اپنے ممالک میں لارہے ہیں۔