سچ خبریں:فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں مزاحمتی کارروائی مقبوضہ علاقوں میں انتفاضہ کے زندہ رہنے کی واضح دلیل ہے۔
المیادین چینل کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک نے پیر کے روز مقبوضہ بیت المقدس میں شہادت طلبانہ کارروائی جس کے نتیجے میں دو صیہونی فوجی زخمی ہوئے تھے، پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئےکہا کہ یہ کارروائی مقبوضہ علاقوں میں انتفاضہ کے زندہ رہنے کی واضح دلیل ہے۔
رپورٹ کے مطابق جہاد اسلامی تحریک نے اپنے بیان میں تاکید کی ہےکہ مقبوضہ بیت المقدس میں مزاحمتی کارروائی کو صیہونی جیل سے رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں میں سے ایک نے انجام دیا نیز یہ مبارک آپریشن صہیونی غاصبوں کے جرائم کے خلاف ردعمل کے طور پر کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیاکہ یہ کارروائی دراصل صیہونی حکومت اور اس کے آباد کاروں کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کیے جانے والے جرائم کے جواب میں کی گئی ہے۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ صیہونی غاصبوں کے خلاف جہاد اور مزاحمت جاری رہے گی اور فلسطینی اس سمت میں اپنے اختیار میں تمام آپشنز استعمال کریں گے، جبکہ یہ کہا جا سکتا ہے کہ یروشلم میں ہونے والے یہ شہادت طلبانہ کارروائی مقبوضہ علاقوں میں انتفاضہ کی بقا کی واضح دلیل ہے ۔
یاد رہے کہ اس سے قبل حماس اسلامی مزاحمتی تحریک نے کہا تھا کہ باب العامود کے علاقے میں مزاحمتی کارروائی درحقیقت فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے روزمرہ کے جرائم کا فطری ردعمل ہے۔