سچ خبریں:بحرینی عوام نے فلسطینی عوام کی حمایت اور صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے خلاف مظاہرے کئے ہیں۔
بحرینی عوام نے فلسطینی عوام کی حمایت اور آل خلیفہ حکومت کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے خلاف کرباباد اور سنابس سمیت اس ملک کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کئے۔
مظاہرین اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر صیہونی حکومت کے ساتھ بحرینی حکومت کے تعلقات کو معمول پر لانے کی مخالفت میں نعرے درج تھے، بحرینی مظاہرین کے ہاتھوں میں موجود پلے کارڈ پر لکھا تھا "تعلقات کی بحالی خیانت ہے”۔ بحرینی عوام مظاہرے کے دوران آل خلیفہ کی جیلوں میں قید تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کر رہے تھے۔
بحرینی عوام کی انقلابی تحریک کی سرکوبی اور ڈکٹیٹر آل خلیفہ حکومت کو بچانے کے لئے سعودی فوجی پندرہ مارچ دو ہزار گیارہ سے بڑی تعداد میں بحرین میں تعینات ہیں۔
پندرہ ستمبر دو ہزار بیس کو بحرین کی آل خلیفہ حکومت نے سابق امریکی صدر ٹرمپ کی موجودگی میں صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے سمجھوتے پر دستخط کرکے قدس کی غاصب حکومت کے ساتھ اپنے خفیہ تعلقات کو آشکار کردیا۔