سچ خبریں:یوکرین کے خلاف روس کا فوجی آپریشن 29ویں روز میں داخل ہو گیا ہے جبکہ یوکرین کے بحران کو حل کرنے کے لیے آپریشن کے متوازی طور پر بہت کوششیں کی گئی ہیں، لیکن ابھی تک کوئی فائدہ نہیں ہوا، رشیا ٹوڈے، الجزیرہ اور آر آئی اے نووستی نے یوکرین سے متعلق چند اہم ترین واقعات کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس نے متعدد امریکی سفارت کاروں کی فہرست پیش کی ہے جن کی شناخت "ناپسندیدہ عناصر” کے طور پر کی گئی ہے اور انہیں ملک سے بے دخل کر دیا گیا ہے۔
روس کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کے خلاف کسی بھی امریکی معاندانہ کارروائی کا فیصلہ کن اور مناسب جواب دیا جائے گا جبکہ امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے بحران پر بات چیت کے لیے نیٹو، گروپ آف سیون اور یورپی یونین کے حکام سے ملاقات کے لیے یورپ کا سفر کیا ہے۔
درایں اثنا یوکرین پر روس کی مجوزہ قرارداد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے منظور نہیں ہوئی،اس قرارداد کے مسودے میں یوکرین میں انسانی امداد تک رسائی اور اس ملک میں شہریوں کے تحفظ کی ضمانت دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔