سچ خبریں:عراق کی صدر تحریک کے رہنما نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں تعاون کے لئے اپنی تیاری کا اعلان کیا۔
بغداد الیوم کی رپورٹ کے مطابق ، عراق کی صدر تحریک کے رہنما مقتدی الصدر نے سعودی عرب اور ایران کے مابین مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں تعاون کرنے کے لئے اپنی تیاری کا اعلان کیا، مقتدی الصدر کے دفتر کے میڈیا انچارج حیدر الجابری نے آج (بدھ کے روز) اعلان کیا ہے کہ صدر تحریک کے رہنما مقتدی الصدر سعودی عرب اور ایران کے مابین بات چیت کے آغاز میں تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ قطر کی جانب سے ایران اور سعودی عرب دو ہمسایہ ممالک کے مابین بات چیت کے لئےراستہ کھلنے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور مقتدی الصدر اس سلسلے میں تعاون کرنے کو تیار ہیں کیونکہ مقتدی الصدر کے نقطہ نظر سے ، اس کے عراق اور اس ملک کی عوام پر مثبت اثرات پڑیں گے، مقتدی الصدر نے عراق کے ہمسایہ ممالک سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس کی خودمختاری کا احترام کرتے ہوئے اس ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کریں جس طرح عراق ان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا ہے۔
یادرہے کہ اس سے قبل قطر نے خلیجی ریاستوں سے ایران کے ساتھ بات چیت کرنے کو کہا تھا، قطری وزیر خارجہ محمد عبدالرحمن آل ثانی نے حال ہی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ دوحہ ایران اور سعودی عرب کے مابین مذاکرات میں ثالثی کرنے کے لئے تیار ہے۔