سچ خبریں:یمن کی نیشنل سالویشن گورنمنٹ کے وزیر اعظم نے یمنی وفد کے حالیہ دورہ روس کو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ انہیں متعدد ممالک سے اس سلسلہ میں پیغامات اور کالیں موصول ہوئی ہیں۔
یمن کی نیشنل سالویشن گورنمنٹ کے وزیر اعظم عبدالعزیز بن حبتور نے یمنی وفد کے روس کے دورے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کے نتائج دونوں ممالک کے لیے اہم ہیں نیز روسی فریق کے ساتھ ملاقات مشترکہ مفادات پر مبنی تھی۔
بن حبتور نے المسیرہ نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یمن اور روس کا ایک مشترکہ نکتہ ہے یعنی امریکی منصوبے کا مقابلہ کرنا جس سے دنیا کے کئی ممالک نقصان اٹھا چکے ہیں، انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ یمن دنیا میں برابری، مشترکہ مفادات اور مشترکہ دشمنوں کے خلاف لڑنے کے اصول کی بنیاد پر اپنے اتحادی بنانے کی کوشش کر رہا ہے، واضح کیا کہ ہمیں متعدد ممالک کی طرف سے پیغامات اور کال موصول ہوئی ہیں نیز ماسکو کی دعوت بھی اس کے موقف میں تبدیلی کا اشارہ ہے۔
یمنی عہدیدار نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ یمن چین اور روس کے ساتھ دوست اور اتحادی بننے کی کوشش کر رہا ہے، کہا کہ ہم نے پہلے دن سے ہی امریکی پالیسی سے اپنے اختلاف کا اعلان کیا ہے، تاہم امریکہ اور سعودی عرب جس جعلی جواز کی حمایت کا دعویٰ کرتے ہیں وہ یمنی وسائل کو سعودی بینکوں میں لوٹنے اور چوری کرنے کا محض ایک پردہ ہے۔