سچ خبریں:اقوام متحدہ میں چین کے سفیر نے امریکی سینیٹرز کے دورہ تائیوان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ کے اشتعال انگیز اقدامات کے باوجود بیجنگ اپنی خودمختاری کا دفاع جاری رکھے گا۔
اسپوٹنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں چین کے سفیر ژانگ جون نے پیر کے روز امریکی سینیٹرز کے دورہ تائیوان کے ردعمل میں اس بات پر زور دیا کہ امریکہ کے اشتعال انگیز اقدامات کے باوجود بیجنگ اپنی خودمختاری کا دفاع جاری رکھے گا،اقوام متحدہ میں چین کے سینئر سفارت کار نے کہا کہ پوری دنیا واضح طور پر دیکھ سکتی ہے کہ تائیوان میں کون اشتعال انگیز اقدامات کر رہا ہے، کون جمود کو بدل رہا ہے، اور کون مصیبت پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ژانگ جون نے زور دے کر کہا کہ چین اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا،یاد رہے کہ چین کی وزارت دفاع نے اس سے قبل امریکی سینیٹرز کے ایک وفد کے تائیوان کے دورے پر تنقید کی تھی اور اس دورے کو اپنے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی واضح مثال قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ امریکی قانون سازوں کا ایک وفد اتوار کو تائیوان پہنچا،یاد رہے کہ امریکی سینیٹرز کا تائیوان کا دورہ امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر کے اس جزیرے کے متنازعہ دورے کے دو ہفتے سے بھی کم عرصے کے بعد ہوا ہے۔