سچ خبریں:اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے نے کہا کہ امریکہ افغانستان کے انسانی بحران کو سودے بازی ،ایک سیاسی آلہ اور سیاسی دباؤ کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے ژانگ جون نے افغان عوام کے اثاثوں کی غیر مشروط رہائی پر زور دیتے ہوئے کہاکہ امریکہ نے افغانستان کے لیے انسانی امداد کے معاملے کو سیاسی رنگ دیا ہے، چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق جون نے مزید کہا کہ افغانستان کے لیے انسانی امداد کو سودے بازی ، سیاسی آلے اورسیاسی دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ امریکہ کی یہ کارروائی 38 ملین افغانوں کی صحت اور زندگیوں کے ساتھ کھیل ہے جنہیں مدد کی اشد ضرورت ہے اس کے علاوہ یہ اقدام اخلاقی طور پر ناقابل قبول اور حکمت عملی کے لحاظ سےتنگ نظری اور خطرناک ہے۔
چینی نمائندے نے کہا کہ افغان عوام اور بین الاقوامی انسانی ایجنسیوں کو درپیش اہم چیلنج یہ ہے کہ افغان معیشت ابھی تک معمول پرواپس نہیں آسکی ہے اور افغانستان کے اثاثوں پر قبضے کے یکطرفہ امریکی جبر کے اقدامات نے مالیات تک اس کی رسائی کو متاثر کیا ہے جس سے لیکویڈیٹی بحران پیدا ہوا ہےاور اس نے افغانستان کی اقتصادی ترقی کو دوبارہ شروع کرنے کی صلاحیت کو تباہ کر دیا۔