(سچ خبریں) کہتے ہیں کہ دوسروں کا برا چاہنے والے کے ساتھ خود بھی برا ہی ہوتا ہے، اسے ایک سادہ سی کہاوت میں یوں بھی سمجھا جاتا ہے کہ دوسروں کے لیے گڑھا کھودنے والا خود ہی اس گڑھے میں جا گر تا ہے، اگر اسے مزید سمجھنا ہو تو ایک مثال امریکہ کی بھی دی جا سکتی ہے، جس نے دنیا میں جہاں جہاں بدامنی اور جنگ کی کیفیت رہی، وہاں اپنا اسلحہ بیچا اور خوب دھن کمایا، یہاں تک بھی کہ جہاں امن کی نہریں بہا کرتی تھیں، وہاں دھونس، جبر، قلت اور افلاس کے بیج بو کر اپنی اسلحہ ساز فیکٹریوں کا کاروبار خوب چمکایا۔
اور انسانی ہڈیوں کے پرخچے اڑانے والے ہتھیار وں کی ترسیل وافر تعداد میں کی، اس نے اپنے مفادات کی اغراض کو افضل جانتے ہوئے بہت سی قوموں کو باہمی دست و گریباں کرنے کی خاطر دوستی کی آڑ میں بھی بارود مہیا کیا، وہ اسلحے کا ایسا بیوپاری ہے جو پوری دنیا کا تقریباً 80 فیصد اسلحہ بیچتا ہے۔
لیکن اس سارے کھیل میں نقصان خود امریکہ کو بھی اٹھانا پڑا جس کی کوئی تلافی اس کے خود کے پاس نہیں۔ وہی بارود جو وہ دوسروں میں تقسیم کر کے سپر پاور بنا اور اس حیثیت سے آج بھی مستفید ہو رہا ہے، اب یہ بارود اس کی نوجوان نسل کی قتل و غارت گری میں استعمال ہو رہا ہے۔
امریکہ میں گزشتہ کچھ برس میں وقتاً فوقتاً ہونے والے فائرنگ کے واقعات میں اب تک سیکڑوں لوگ ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں جس سے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ دنیا کو بچانے کا دعویٰ کرنے والے امریکہ کی اپنی سیکیورٹی کتنی کمزور ہے۔
فائرنگ کا کچھ دن پہلے کا واقعہ ریاست کولوراڈو کی ایک سپرمارکیٹ میں پیر کو پیش آیا جس میں ایک پولیس افسر سمیت دس افراد ہلاک ہوگئے، اس واقعے کے بعد امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے قومی سطح پر مہلک ہتھیاروں پر پابندی لگانے پر زور دیا ہے، تاہم کولوراڈو واقعہ امریکہ میں بڑے پیمانے پر ہونے والی فائرنگ کا کوئی پہلا واقعہ نہیں۔ اس سے قبل بھی اس طرح کے مختلف واقعات رونما ہو چکے ہیں۔
اب تازہ ترین اطلاعات کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا میں مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں بچے سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہاں آپ کو گزشتہ پانچ برسوں کے دوران امریکہ میں ہونے والے مختلف واقعات پر ایک نظر ڈالیں گے۔
سال 2021 (تین واقعات، 22 ہلاکتیں، دو زخمی)
رواں سال کے لگ بھگ تین ماہ کے عرصے میں امریکہ کے فائرنگ کے تین واقعات ہو چکے ہیں۔
1 اپریل: ریاست کیلی فورنیا میں مسلح شخص نے عمارت میں گھس کر اندھادھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں بچہ سمیت 4 افراد ہلاک اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
22 مارچ: ریاست کولوراڈو میں بولڈر کاؤنٹی میں حملہ آور نے ایک سپر مارکیٹ میں فائرنگ کی، واقعے میں ایک پولیس افسر سمیت دس افراد ہلاک ہوئے۔
16 مارچ: ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں تین مساج پارلرز میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے۔ جس میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے، ان میں بیشتر ایشیائی خواتین تھیں۔
سال 2020 (دو واقعات، 9 ہلاکتیں)
امریکہ میں 2020 میں بھی فائرنگ کے دو واقعات ہوئے۔
16 مارچ: امریکی ریاست میزوری میں ایک گیس اسٹیشن پر فائرنگ کے واقعے میں چار افراد ہلاک ہوئے۔
26 فروری: ریاست وسکونسن کے شہر ملوکی میں ایک کمپنی میں فائرنگ کی گئی۔ واقعہ میں پانچ افراد مارے گئے۔
سال 2019 (10 واقعات، 73 ہلاکتیں، 112 زخمی)
10 دسمبر: ریاست نیو جرسی میں جرسی سٹی کی ایک مارکیٹ میں فائرنگ سے چار افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
6 دسمبر: امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے شہر پنساکولا کے نیول بیس کو نشانہ بنایا گیا، واقعہ میں تین افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے۔
31 اگست: ریاست ٹیکساس میں مڈلینڈ اور اوڈیسہ میں پیش آئے واقعے میں 25 افراد زخمی ہوئے جب کہ سات افراد ہلاک بھی ہوگئے۔
4 اگست: فائرنگ کا واقعہ اوہایو کے شہر ڈے ٹن میں ایک بار کے باہر پیش آیا، اس حملے میں 9 افراد کی ہلاکت ہوئی جب کہ 27 لوگ زخمی ہوئے۔
3 اگست: ریاست ٹیکساس میں وال مارٹ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ جس میں 22 افراد مارے گئے جب کہ 26 افراد زخمیوں میں بھی شامل تھے۔
28 جولائی: امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں ایک فیسٹیول میں فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔
31 مئی: ورجینیا بیچ میں ایک عمارت میں فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا۔ جس میں 12 افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔
15 فروری: ریاست الینوائے کے شہر ارورا کے ایک ویئر ہاؤس میں فائرنگ کی گئی۔ جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے جب کہ زخمی ہونے والوں کی تعداد چھ تھی۔
24 جنوری: امریکی ریاست پنسلوینیا کے ہوٹل بار میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ ہلاکتوں کی تعداد تین رہی جب کہ ایک فرد زخمی ہوا۔
23 جنوری: امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے شہر سب رنگ میں بینک میں فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے۔
سال 2018 ( 12 واقعات، 80 ہلاکتیں، 70 زخمی)
19 نومبر: شیکاگو کے مرسی اسپتال میں فائرنگ کی گئی۔ واقعے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔
7 نومبر: ریاست کیلی فورنیا میں ایک نائٹ کلب میں فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا۔ اس دوران 12 افراد ہلاک اور بائیس زخمی ہوگئے۔
27 اکتوبر: ریاست پنسلوینیا کے شہر پٹس برگ میں یہودیوں کی مذہبی تقریب کے دوران حملہ آور کی فائرنگ سے 11 افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے۔
20 ستمبر: ریاست میری لینڈ میں ایک ویئرہاؤس میں فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
12 ستمبر: امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں بیکرفیلڈ میں فائرنگ کی گئی۔ اس واقعے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے۔
6 ستمبر: اوہایو میں ایک عمارت میں فائرنگ کے واقعے میں تین افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
28 جولائی: میری لینڈ میں ایک اخبار کے دفتر میں مسلح شخص کی فائرنگ سے پانچ لوگ مارے گئے جب کہ دو افراد زخمی بھی ہوئے۔
18 مئی: ریاست ٹیکساس میں ایک ہائی اسکول میں فائرنگ کی گئی جس میں 10 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوئے۔
22 اپریل: ریاست ٹینیسی کے ایک ریستوران میں پیش آئے واقعے میں چار افراد ہلاک اور چار زخمی ہوئے۔
9 مارچ: کیلی فورنیا میں ویٹرنز ہوم میں فائرنگ کے نتئھے میں تین افراد مارے گئے۔
14 فروری: امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے شہر پارک لینڈ کے ایک اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک جب کہ 17 ہی زخمی ہوئے۔
28 جنوری: ریاست پنسلوینیا میں کارواش شوٹنگ کے دوران چار افراد مارے گئے اور ایک زخمی ہوا۔
سال 2017 ( 11 واقعات، 117 ہلاکتیں، 587 زخمی)
امریکہ میں سال 2017 میں بھی فائرنگ کے 11 واقعات رونما ہوئے جس میں 100 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے۔
اگرچہ پورے سال اس طرح کے واقعات ہوئے تاہم دو واقعات میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔
پانچ نومبر کو ٹیکساس کے ایک گرجا گھر میں فائرنگ کی گئی۔ واقعے میں 26 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔
سال کا سب سے بڑا واقعہ یکم اکتوبر کو پیش آیا، جہاں ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں ایک شخص نے ہوٹل کے کمرے سے کانسرٹ کے لیے جمع ہونے والے افراد پر فائرنگ کردی، اس واقعے میں 58 افراد ہلاک ہوئے جب کہ 546 لوگ زخمی بھی ہوگئے۔