کراچی (سچ خبریں)پاکستان کے نامور کامیڈین، اسٹیج اداکار و میزبان عمر شریف نے اپنے بہتر علاج کے لیے وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کی ہے انہوں نے کہا ہے کہ مجھے ڈاکٹرز نے بہتر علاج کے لئے بیرون ملک جانےکا مشورہ دیا ہے ، اور میرا بہتر علاج امریکا میں ہو سکتا ہے۔
عمر شریف نے ایک ویڈیو پیغام میں علاج کی اپیل کی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ہسپتال کے بستر پر موجود ہیں اور کافی کمزور نظر آرہے ہیں۔ٹی وی شو میزبان وسیم بادامی نے اپنے پروگرام الیونتھ آور میں عمر شریف کا خصوصی پیغام جاری کیا تھا۔
عمر شریف کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا کہ ‘ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ مجھے بہتر علاج کے لیے بیرونِ ملک جانا چاہیے’۔انہوں نے کہا کہ ‘میری قسمت میں تھا کہ میں نے عمران خان کے شوکت خانم کینسر ہسپتال بنانے میں مدد کی’۔عمر شریف کا کہنا تھا کہ ‘ڈاکٹرز نے مجھے کہا ہے کہ میرا بہتر علاج امریکا میں ہوسکتا ہے’۔
انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا ‘میں عمر شریف، وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مخاطب ہوں، عمران خان جب بھی کوئی چیز کی ہے آپ نے مجھے فون کیا ہے، میں نے ہمیشہ آپ کی آواز کی پر لبیک پر کہا ہےاسی لیے مجھے یقین ہے کہ آپ بھی میری آواز پر لبیک کہیں گے’۔تاہم عمر شریف کی جانب سے ویڈیو بیان میں اپنی بیماری سے متعلق تفصیلات بیان نہیں کی گئیں اور نہ ہی پروگرام کے میزبان نے اس حوالے سے کچھ بتایا۔