کراچی (سچ خبریں) پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے شہرِ قائد کی سڑکوں پر کچھ غریبوں اور بے گھر افراد کو سوتے ہوئے نہایت افسردہ ہوگئے اور انہوں نے تصویر شیئر کر کے لکھا کہ اپنے شہر میں سڑکوں پر سوتے ہوئے لوگوں کو دیکھ کر میرا دل ٹوٹ جاتا ہے اور مجھے بہت دکھ ہوتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہزاد رائے نے ایک تصویر شیئر کی ہے جو اُنہوں نے اپنی گاڑی کی کھڑکی سے بنائی۔ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مرد اور عورت سمیت کئی افراد سڑک پر سورہے ہیں۔
شہزاد رائے نے یہ دُکھ بھری تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں جب اپنے ہی شہر میں لوگوں کو سڑکوں پر سوتے ہوئے دیکھتا ہوں تو میرا دل ٹوٹ جاتا ہے۔‘گلوکار نے اپنے ٹوئٹ میں حکومتِ پاکستان سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’دولت کی تقسیم کا تعین فطرت سے نہیں ہوتا، اس کا تعین پالیسی سے ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ غربت ایک بہت بڑا مسئلہ ہے جو ہر ملک کو درپیش ہے شہزاد رائے اکثر سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر معاشرتی مسائل کو حل کرنے کے لیے حکمرانوں کی توجہ دلوانے کی کوشش کرتے نظر آتے رہتے ہیں۔