اسلام آباد ( سچ خبریں) کالعدم تنظیم سے پابندی ہٹانے کے معاملے پر چند وفاقی وزراء نے تابحال سمری پر دستخط ہی نہیں کیے، سمری کی منظوری کے لیے 14وزراء کے دستخط درکار ہیں ان وزراء نے کھلی بحث کرانے کا مطالبہ کردیا ، جس کی وجہ سے کالعدم ٹی ایل پی سے پابندی ہٹانے کا معاملہ تاحال حل نہ ہوسکا ۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ بعض وزرا کی جانب سے رائے سامنے آئی ہے کہ اس معاملے پر وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بحث ہونی چاہیے ، جس کی وجہ سے ابھی تک وفاقی کابینہ کی جانب سے تاحال سمری کی منظوری نہ دی جاسکی کیوں کہ بعض وفاقی وزرا نے تاحال سمری پر دستخط ہی نہیں کیے جب کہ سمری کی منظوری کے لیے 14وزراء کے دستخط درکار ہیں۔
خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے کالعدم جماعت پر پابندی ہٹانے کی منظوری دے دی، وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ کوکالعدم جماعت سے پابندی ہٹانے کی سفارش کی تھی ، پنجاب حکومت نے کالعدم جماعت کے نام سے کالعدم کا لفظ ہٹانے کی سفارش کی، کالعدم جماعت نے آئندہ پرتشدد احتجاج نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، کالعدم جماعت آئین اور قوانین کا احترام کرے گی۔
واضح رہے گزشتہ روز پنجاب کابینہ نے تھرو سرکولیشن کالعدم جماعت سے پابندی اٹھانے کی منظوری دی تھی، وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ داخلہ کی بھجوائی گئی سمری کی ابتدائی منظوری دی تھی، وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد سمری صوبائی کابینہ کے وزرا کو بھجوائی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کالعدم جماعت کے ساتھ کالعدم کا لفظ ختم کرانے کیلئے کابینہ سے تھرو سرکولیشن منظوری لینے کا حکم دیا تھا ، سمری کو کابینہ کے سامنے بذریعہ سرکولیشن پیش کیا گیا، محکمہ داخلہ نے صوبائی وزرا کو معاملے پر جلد سے جلد رائے یا منظوری دینے کی درخواست کی تھی۔