لاہور: (سچ خبریں)چوہدری پرویز الٰہی اور ان کے صاحبزادے مونس الٰہی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ویڈیو لنک پر بات چیت کی اور صوبے میں فلاح عامہ کے منصوبوں پر عملدرآمد اور ان کی توسیع سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے مختصر دور میں پی ٹی آئی حکومت کے دور میں شروع کیے گئے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں جیسا کہ احساس پروگرام اور صحت انصاف کارڈ کو نظر انداز کیا۔
چوہدری پرویز الٰہی نے زور دے کر کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت کے فلاحی پروگراموں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے گا۔
ویڈ لنک کے ذریعے ہونے والی اس میٹنگ میں صوبے کے سیاسی اور انتظامی امور کے ساتھ عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔
اس دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب کے عوام پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی جیت عمران خان کے بیانیے کی جیت ہے۔
اسی دوران، پی ٹی آئی کے سربراہ نے پنجاب حکومت سے جنوبی پنجاب اور ضلع میانوالی کے سیلاب زدہ علاقوں میں لوگوں کو فوری طور پر امداد فراہم کرنے کا بھی کہا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں نے خیبر پختونخوا حکومت سے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو فوری طور پر امداد فراہم کرنے کا کہا ہے۔