کراچی (سچ خبریں) ویکسین نہ لگوانے والوں کی گرفتاری اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے متعلق سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ایسا کرنے سے روک دیا۔ تھانیداروں کو ہدایات جاری کیں کہ کارروائی اسسٹنٹ کمشنر کی موجودگی میں کی جائے۔
کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کےلیے بڑے پیمانے پر کراچی بھر میں کورونا سے متعلق آگاہی اور ویکسینشین کا عمل جاری ہے اس کے باوجود بہت سے افراد ایسے بھی ہیں جو ویکسینشین نہ کروانے پر بضد ہیں۔
حکام کی جانب سے ویکسینیشن نہ کروانے والے افراد کےلیے مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران نے مقدمات درج کرنے اور گرفتاریوں کے معاملے پر تھانیداروں کو مقدمات کے اندراج سے روک دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ افسران کی جانب سے تھانیداروں کو شادی ہالز، ہوٹلز اور تفریح مقامات تک کارروائیاں محدود رکھنے کی ہدایات کی گئی ہے۔
باوثوق ذرائع نے کہا کہ سندھ پولیس کے افسران نے اہلکاروں کو تھانیداروں کو ہدایات جاری کیں کہ کارروائی اسسٹنٹ کمشنر کی موجودگی میں کی جائے۔واضح رہے کہ جمعے کے روز پولیس کی جانب سے 40 سے زائد افراد کو گرفتار کرکے مقدمات کا اندراج کیا گیا تھا۔
پولیس حکام نے اس حوالے سے کہا کہ محکمہ داخلہ سندھ نے آئی جی، ڈی جی رینجرز اور ڈویژنل کمشنرز کو خط لکھا تھا لیکن محکمہ داخلے کے مراسلے میں کارروائیوں سے متعلق وضاحت نہیں ہے۔