سچ خبریں:ذرائع نے اعلان کیا کہ مغرب کے دباؤ میں آکر پاکستان نے ماسکو کی میزبانی میں ہونے والے افغانستان سے متعلق علاقائی مذاکرات میں شرکت نہیں کی۔
اکنامک ٹائمز نے باخبر ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ افغانستان کے لیے قومی سلامتی کے مشیروں کے علاقائی مذاکرات میں پاکستان کی عدم شرکت کی وجہ غالباً مغربی ممالک کا دباؤ تھا،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس کے ساتھ توانائی کے معاہدے تک پہنچنے کے مقصد کے ساتھ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ ماسکو کے چند روز بعد افغانستان میں ایک اہم کھلاڑی، پاکستان کی اس اجلاس میں غیر معمولی غیر موجودگی تشویش کا باعث بنی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے یہ فیصلہ شاید اس حقیقت کے پیش نظر کیا گیا ہو کہ مالیاتی بحران پر قابو پانے کے لیے صرف چین کی حمایت ناکافی ہے اور اس سلسلے میں مغرب کی مدد بھی ضروری ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی ہو گی کہ اس کا روس کے ساتھ گہرا تعلق نہیں ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے اس سے قبل ماسکو میں افغانستان سے متعلق مشاورتی اجلاس میں شرکت کا وعدہ کیا تھا تاہم بعد ازاں اس سے مکر گیا، دریں اثنا، پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے حال ہی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اس ملک کے نمائندے نے افغانستان کے بارے میں ماسکو میں ہونے والے سکیورٹی اجلاس میں ہندوستان کی موجودگی کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔