لاہور(سچ خبریں)معاون خصوصی برائے وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےپی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ فضل الرحمٰن اقتدار سے دوری کا غم دور کرنے کے لیے بھاگ دوڑ اور کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مولانا آج جاتی امراء شاہی محل میں جعلی راجکماری کے سامنے حاضری ضرور دیں گے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا پہلے بزدار حکومت کے قائم کردہ ویکسینیشن سینٹرز پر تشریف لائیں، مولانا فضل الرحمٰن اپنی ویکسینیشن کرائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا آپ کورونا وائرس سے اور عوام آپ کے ہر قسم کے شر سے محفوظ رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مولانا کی ویکسینیشن کرنے کی منتظر ہے۔فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت شہریوں کو کورونا ویکسین کی فراہمی کے لیے سرتوڑ کوشش کر رہی ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ میں ملک کو درپیش صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے، بعض ایسے اقدامات جو حکومت کے سامنے آ رہے ہیں اور جو ملک کی بقا کے لیے رسک بن رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں بجلی کو تقریباً 6 روپے مہنگا کیا گیا ہے اور مہنگائی کے حوالے سے انہوں نے چھوڑا کیا ہے، غریب آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، آخر یہ قوم اور اس ملک کو کہاں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔