?️
اسلام آباد:(سچ خبریں) کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے پاکستانی حکام کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کے دعوے اور اس کے عسکریت پسندوں کو ملک بھر میں دہشت گرد حملوں کی ہدایات کے پیش نظر حکومت سے اس تازہ صورتحال پر بحث کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس فوری طلب کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
جنرل عاصم منیر کے پاک فوج کی کمان سنبھالنے کے ایک روز بعد پیپلزپارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ٹی ٹی پی کی جانب سے جنگ بندی ختم کرنے کا اعلان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستان کے لوگوں کو بےخبر رکھا جا رہا ہے، پُرتشدد انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے واضح پالیسی کی ضرورت ہے۔
قبل ازیں 28 نومبر کو ٹی ٹی پی نے اعلان کیا تھا کہ وہ حکومتِ پاکستان کے ساتھ رواں سال جون سے طے شدہ جنگ بندی کو ختم کر رہی ہے۔
سینیٹر رضا ربانی نے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی (پی سی این ایس) کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی جو کہ ان کے بقول اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کو اس کی صدارت سے ہٹانے سے ممکن ہو سکے گی کیونکہ وقت کی کمی کے باعث وہ مؤثر طریقے سے پی سی این ایس کی سربراہی نہیں کر پا رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ سے ملک بھر میں اور بالخصوص خیبرپختونخوا میں دہشت گردی میں اضافے کے باوجود ریاست حقائق کو چھپا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ٹی ٹی پی کے جنگ بندی کے خاتمے کے ساتھ دہشتگردی کے دوبارہ ابھرنے سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ ریاست عوام کو اندھیرے میں رکھے ہوئے ہے کیونکہ یہ اعلان ٹی ٹی پی کی جانب سے سامنے آیا‘۔
سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ ’حملے، بھتہ خوری اور اغوا کے بڑھتے ہوئے واقعات اس کا واضح ثبوت تھے، سوات کے عوام نے دہشت گردی میں اضافے کے خلاف بڑے پیمانے پر ریلیاں نکالیں لیکن ریاست نے محض بے گناہ شہریوں پر انسداد دہشت گردی ایکٹ لگانے پر ہی اکتفا کیا‘۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے 4 برس گزرجانے کے باوجود ریاست مناسب انفراسٹرکچر فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست نے پرامن عوامی تحریکوں کی معاونت سے انکار کر دیا ہے جو عسکریت پسندی کے خلاف کھڑے ہونے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے دہشت گردی میں اضافے پر بحث کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا بار بار مطالبہ کیا لیکن اس پر کان نہیں دھرے گئے۔
گزشتہ برس جب ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کا آغاز ہوا اُس وقت بھی سینیٹر رضا ربانی نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کو پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیے بغیر ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کا کوئی اختیار نہیں ہے۔
اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان نے ’ٹی آر ٹی‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران ٹی ٹی پی کو ہتھیار ڈالنے کی صورت میں عام معافی کی پیشکش کی تھی، اس پر ردعمل دیتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی نے کہا تھا کہ ’پاکستان کی پارلیمنٹ کو غیرضروری سمجھے جانے کے بجائے بہتر ہے کہ اسے تالا لگا کر چابی پھینک دی جائے‘۔
اسی انٹرویو میں سابق وزیراعظم نے انکشاف کیا تھا کہ ٹی ٹی ٹی پی کے چند مفاہمت کے خواہاں گروپوں کے ساتھ حکومتِ پاکستان مذاکرات کررہی ہے۔
پاکستانی حکام اور ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات گزشتہ برس اکتوبر میں پی ٹی آئی حکومت کے دوران شروع ہوئی تھی لیکن رواں برس مئی میں قبائلی علاقوں کے خیبرپختونخوا میں انضمام کی منسوخی پر یہ مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے تھے۔
فوج کے ساتھ ٹی ٹی پی کی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد ستمبر سے ٹی ٹی پی کے حملوں میں اضافہ ہو رہا ہے، زیادہ تر حملے خیبرپختونخوا کے ڈیرہ اسمٰعیل خان، ٹانک، جنوبی وزیرستان اور شمالی وزیرستان کے اضلاع اور اس کے آس پاس ہوئے ہیں، کوئٹہ میں ہونے والا دھماکا اسی سلسلے کی تازہ کڑی ہے۔
ٹی ٹی پی کے مطابق جنگ بندی ختم کرنے کا فیصلہ ضلع لکی مروت میں فوجی تنظیموں کی جانب سے مسلسل حملوں کے بعد کیا گیا۔
ٹی ٹی پی نے کہا کہ ہم نے پاکستانیوں کو بارہا خبردار کیا اور صبروتحمل کا مظاہرہ کیا تاکہ مذاکراتی عمل سبوتاژ نہ ہو لیکن فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیاں باز نہ آئیں اور حملے جاری رکھے، اب ہمارے جوابی حملے بھی پورے ملک میں شروع ہوں گے’۔


مشہور خبریں۔
حزب اللہ کے میزائل کہاں تک پہنچ سکتے ہیں؟ سید حسن نصراللہ کی زبانی
?️ 17 فروری 2024سچ خبریں: حزب اللہ کے سکریٹری جنرل نے اپنے خطاب میں کہا
فروری
پاکستان انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کا رکن منتخب
?️ 20 ستمبر 2024اسلام آباد: (سچ خبریں) پاکستان کو 21 ویں مرتبہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی
ستمبر
احمد فرہاد بازیابی کیس: سیکریٹری دفاع طبیعت ٹھیک نہ ہونے کے سبب پیش نہیں ہوسکے، اٹارنی جنرل
?️ 21 مئی 2024اسلام آباد: (سچ خبریں) اسلام آباد ہائیکورٹ میں شاعر احمد فرہاد کی
مئی
ٹیکس چور اور کرپٹ لوگ کبھی قومی یکجہتی میں کامیاب نہیں ہوسکتے، مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ
?️ 20 مارچ 2025پشاور: (سچ خبریں) مشیر اطلاعات خیبر پختونخواہ بیرسٹر سیف کا کہنا ہے
مارچ
شہادت، استقامت اور مزاحمت کی سہ تِہ نے ایران کی تاریخ کو ازسرِنو لکھ دیا
?️ 5 جولائی 2026سچ خبریں: برطانوی میڈیا نے ایران کے شہید رہنما آیت اللہ سید
جولائی
کیا ٹرمپ سعودی عرب اور اسرائیل کے تعلقات معمول پر لا سکیں گے؟
?️ 21 دسمبر 2024سچ خبریں:امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے امید ظاہر کی ہے کہ
دسمبر
ٹرمپ کی واپسی سے امریکہ میں داخلی کشیدگی بڑھے گی:روس
?️ 7 نومبر 2024سچ خبریں:روسی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ میں حکومتی
نومبر
یوکرین میں فوج بھیجنے کا مطلب روس کے ساتھ جنگ ہے: اوربان
?️ 7 فروری 2026 سچ خبریں: ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربان نے خبردار کیا ہے
فروری