سیالکوٹ(سچ خبریں) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے بہترین بلدیاتی نظام تشکیل دیا ہے،خلوص نیت سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی رات ٹیکس دہندگان باؤ صغیر اور میاں راشد حسین کے ہمراہ دبئی چوک روڈاورمحلہ شاہ درگئی روڈ گوہد پور سیالکوٹ میں 29.3ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والی سڑک کے افتتاح کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف چوہدری ادریس چیمہ،عامر ڈار،مہر کاشف،مہر عاشق،میاں اعجاز جاوید،میاں سرمدکے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے عہدیدران،کارکنان سمیت شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں بھاری اکثریت سے بلدیاتی انتخابات جیتیں گے۔
سیالکوٹ میں بہترین بلدیاتی امیدوار میدان میں اتاریں گے۔بلدیاتی انتخابات جیتنے کے بعدسیالکوٹ میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے بہترین بلدیاتی نظام تشکیل دیا ہے۔اس نظام کے تحت عوام کی رسائی براہ راست بلدیاتی نمائندوں تک ہوگی۔ترقیاتی کام کروانے کے لیے عوام کووزیروں مشیروں کے پاس نہیں جانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں یونین کونسل گوہد پورکے ساتھ زیادتی ہوئی۔ یونین کونسل گوہد پورمیں ترقیاتی کاموں کے لئے 10کروڑ روپے رکھے ہیں۔نظر انداز علاقوں کو اہمیت دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی، عوام کے ساتھ کھڑے ہیں وزیر اعظم عمران خان ملک اور عوام کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔