’این آئی اے بی‘ ملک میں فصلوں پر موسمیاتی اثرات سے نمٹنے میں پیش پیش

🗓️

اسلام آباد: (سچ خبریں) نیوکلیئر سائنس نے پاکستان کو مونگ کی دال کی پیداوار میں خود کفالت حاصل کرنے میں مدد دی ہے، کیونکہ ملک میں کاشت کی جانے والی زیادہ تر اقسام نیوکلیئر انسٹی ٹیوٹ فار ایگری کلچر اینڈ بائیولوجی (این آئی اے بی) نے ایف اے او آئی اے ای اے سینٹر فار نیوکلیئر تکنیک ان فوڈ اینڈ ایگری کلچر کے اشتراک سے تیار کی ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ان اقسام نے فصلوں کی پیداوار کو بہتر بنانے کے ساتھ بیماری کے خلاف مزاحمت اور غذائیت میں بھی اضافہ کیا ہے۔

عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے اپنے تازہ ترین بلیٹن میں کہا ہے کہ 2021 میں جاری ہونے والی دو اقسام این آئی اے بی مونگ 2021 (این ایم-2021) اور عباس مونگ، اُس سال پاکستان کی تقریباً 70 فیصد اراضی پر اگائی گئیں، جس نے ملک کے غذائی تحفظ اور معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

مونگ، پاکستان میں خریف دالوں کی اہم ترین فصلوں میں سے ایک ہے۔ یہ بنیادی طور پر جنوبی پنجاب اور سندھ میں اگائی جاتی ہے۔ پنجاب مونگ کی کاشت کرنے والا سب سے بڑا صوبہ ہے، جہاں 80 فیصد رقبے پر پیداوار کی جاتی ہے۔

اگرچہ عباس مونگ، درمیانے سائز کی ہے، جو کھانے میں زیادہ استعمال ہوتی ہے، تاہم این ایم -2021 قسم کی دال کا سائز بڑا ہوتا ہے اور اعلیٰ غذائی خصوصیات اسے ممتاز بناتی ہیں۔

آئی اے ای اے کا کہنا ہے کہ اب تک 230 سے زائد پودوں کی اقسام کی 3 ہزار 400 سے زائد نئی اقسام ریڈی ایشن سے پیدا ہونے والی جینیاتی تغیرات اور میوٹیشن بریڈنگ کا استعمال کرتے ہوئے تیار کی جا چکی ہیں جن میں بہت سی غذائی فصلیں، آرائشی پودے اور 75 ممالک کے کسانوں کی جانب سے استعمال کیے جانے والے درخت شامل ہیں۔

آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے گزشتہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار سے ملاقاتوں کے دوران موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے میں جوہری توانائی کے کردار، جوہری تکنیک اور زراعت، خوراک کے تحفظ اور صنعت میں استعمال ہونے والی ایپلی کیشنز کے علاوہ جوہری توانائی کی مالی اعانت اور جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

چونکہ ’این آئی اے بی‘ کے ذریعے تیار کردہ مونگ کی اقسام کی فی ہیکٹر پیداوار پچھلی اقسام کے مقابلے دو گنا زیادہ ہے، لہٰذا اس طریقے سے اس کی پیداوار میں اضافہ ہوگا، جس سے خوراک اور غذائیت کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

چنا، مونگ جیسی دالیں پاکستانی کھانوں کا اہم حصہ ہیں۔

سال 2022 میں تقریباً دس لاکھ ہیکٹر کھیت بڑے پیمانے پر سیلاب کی نذر ہوگئے تھے، جس سے پنجاب میں مونگ کی فصل بری طرح متاثر ہوئی تھی اور مونگ کی قلت پیدا ہوگئی تھی۔

تاہم، این آئی اے بی کے پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس ڈویژن میں مونگ کے گروپ کے ایک سینئر سائنسدان محمد جواد اصغر، پاکستان میں مونگ دال کی کاشت کے مستقبل کے حوالے سے کافی پرامید ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ’یہ سب ختم نہیں ہوا ہے، یہ دو کام کرنے کا موقع ہے، پہلا خود کفالت کو برقرار رکھا جائے اور پیداوار مزید بڑھائی جائے۔ ’

مونگ دال کے علاوہ چنے کی دال ایک ایسا جزو ہے جو بہت سے پاکستانی کھانوں میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

2021 میں پاکستان حجم کے لحاظ سے چنے پیدا کرنے والا دنیا کا ساتواں بڑا ملک تھا، تاہم مقامی کاشتکاروں کو زیر کاشت رقبے کے مقابلے میں کم پیداوار مل رہی تھی۔

جوائنٹ ایف اے او/ آئی اے ای اے سینٹر کی پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس لیبارٹری میں پودوں کی نگہداشت کرنے والی اور جینیاتی ماہر انوپما جے ہنگین کا کہنا ہے کہ ’جاری سی آر پی کے نتائج جوہری تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے پھلیوں میں کیڑوں کی مزاحمت کو بڑھانے کی راہ ہموار کرتے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ پیشرفت پھلیوں میں کیڑوں کے کنٹرول اور پیداوار کے تحفظ کے لیے ایک پائیدار حل پیش کرتی ہے، جس سے ان کی کاشت میں انقلاب برپا ہو سکتا ہے۔‘

مارچ 2023 میں پنجاب سیڈ بورڈ نے ’پی آر آئی-این آئی اے بی مونگ‘ نامی مونگ کی ایک نئی کثیر المقاصد قسم جاری کی، جو تیزی سے بڑھتی ہے۔

این آئی اے بی کو یہ بھی امید ہے کہ مونگ دال کی جڑی بوٹیوں اور کیڑوں کے خلاف مزاحمت میں بھی اضافہ ہوگا۔

این آئی اے بی کے چنے کی دال کے گروپ میں گرمی کی برداشت بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ بیجوں کی ٹریکنگ اور ٹریسنگ کا نظام بھی شروع کیا گیا ہے۔

مشہور خبریں۔

امریکی کانگریس کے ملازمین کا اسرائیل کو امداد دینے کے خلاف مظاہرہ

🗓️ 18 مئی 2024سچ خبریں: امریکی کانگریس کے ملازمین نے اسرائیل کو امداد فراہم کرنے

سعودی عرب میں نماز کے وقت تجارتی مراکز بند رکھنے کی پابندی کو ختم کردیا جائے گا

🗓️ 23 جون 2021جدہ (سچ خبریں)  سعودی عرب میں نماز کے وقت تمام تجارتی مراکز

لانگ مارچ کی صورتحال

🗓️ 25 مئی 2022(سچ خبریں)پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی

زیادہ تر امریکیوں کا خیال ہے کہ امریکہ کا اچھا وقت ختم ہوچکا

🗓️ 22 اگست 2022سچ خبریں:    این بی سی نیوز کی طرف سے کرائے گئے

عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں:عثمان بزدار

🗓️ 29 مارچ 2022لاہور(سچ خبریں)وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام

عراق کے ہمسایہ ممالک کا بغداد میں اجلاس

🗓️ 9 اگست 2021سچ خبریں:عراق ہمسایہ ممالک کا اجلاس منعقد کرنے کے لیے پرعزم ہے

اقوام متحدہ کے سربراہ کا حزب اللہ کے بارے میں بیان

🗓️ 22 دسمبر 2021سچ خبریں:اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے لبنان کی حزب اللہ پر

کیا اسرائیل میں غزہ پر زمینی حملہ کرنے کی ہمت ہے؟

🗓️ 15 اکتوبر 2023سچ خبریں: نیویارک ٹائمز اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ پر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے