اسلام آباد: (سچ خبریں) آج پاکستان بھر میں یومِ پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے،اس موقع پر اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کے دستوں کی پریڈ جاری ہے، جب کہ جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی اور افواج پاکستان کے سربراہان نے بھی قوم کو مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ یوم پاکستان 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ وطن کا خواب دیکھا تھا۔
یہ قرارداد لاہور کے منٹو پارک میں پیش کی گئی تھی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔
یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا، مساجد میں وطن عزیز کی سالمیت اور ترقی وخوشحالی کی دعائیں کی گئیں۔
یوم پاکستان پر اسلام آباد میں مسلح افواج کی روایتی پریڈ کی جارہی ہے، تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، مسلح افواج کے جوانوں کی مہارت کاشاندار مظاہرہ کیا، چین اور برادر پڑوسی ملک چین اور آزربائیجان کے فوجی دستے بھی پریڈ میں شامل ہیں۔
صبح سویرے اسلام آباد شکرپڑیاں کے پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان رینجرز کے دستوں نے رینجرز ایگزی بیشن ڈرل کاشاندار مظاہرہ کیا، ڈرل کے دوران رینجرز کے دستوں نے ذہنی وجسمانی صلاحیتوں کوشاندار انداز میں شرکا کے سامنے پیش کیا۔
آرمی اسکول آف میوزک کے دستے نے بھی سولو ڈرم کامظاہرہ کرکے دیکھنے والوں پرسحرطاری کردیا۔
تقریب میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف سمیت ملکی وغیرملکی شخصیات نے شرکت کی ہے۔
سعودی عرب کےوزیردفاع شہزادہ خالدبن سلمان بن عبدالعزیزالسعود پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔
دوسری جانب یوم پاکستان پر لاہور میں مزار اقبال پر تبدیلی گارڈز کی پروقار تقریب منعقد کی گئی، تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل طارق محمود نے شرکت کی۔
پاک فضائیہ کے چاک وچوبند دستے نے مزار اقبال پرذمہ داریاں سنبھال لیں، ستلج رینجرز کے دستے نے ذمہ داریاں پاک فضائیہ کے دستے کے حوالے کیں۔
مہمان خصوصی ایئروائس مارشل طارق محمود نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی، ائیر وائس مارشل نے مہمانوں کی کتاب بھی تاثرات قلمبند کیے۔
مسلح افواج کے لڑاکا طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا، فلائی پاسٹ میں میراج لڑاکا طیارے، پاکستان کی پہچان جے ایف 17 تھنڈر شامل تھے، فلائی پاسٹ میں ونگ کمانڈرحسن صدیقی کی قیادت میں ایف 16 لڑاکا طیاروں نے شاندار مظاہرہ کیا۔
فلائی پاسٹ میں ایف 7 پی جی چیتا اور جے 10 سی، پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے سی ون تھرٹی، جدید ترین جاسوسی نظام سے لیس طیاروں، پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں، پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں نے شاندار مظاہرہ پیش کیا۔
پریڈ کے موقع پر صدر مملکت آصف زرداری نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کو یوم پاکستان کی مبارک باد دی اور کہا کہ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی، سلامتی اور امن کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے، آج کا دن ہمارے لیے قومی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے اور معاشی استحکام کے لیے مل کر کام کریں، پاکستان میں انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد جمہوری اتحادی حکومت قائم ہوچکی ہے۔
انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے گزارش کرتے ہوئے کہاکہ مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کریں۔
آصف زرداری نے پاکستان کے مشکل وقت میں ساتھ دینے کے لیے چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا۔
84 ویں یوم پاکستان پر پاک فوج چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر، بحری فوج کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم کاوشوں کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کا یہ دن ہمیں آزادی کی اہمیت اور قدر کی یاد دلاتا ہے، آج ہندوستان اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کو فاشسٹ حکومت کے ہاتھوں بدترین مظالم کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دن مسلمانوں کے الگ وطن کے لیے ہمارے عظیم رہنماؤں کے ویژن کے مطابق ہماری تقدیر کا تعین کیا گیا، یہ دن قیام پاکستان کی جدوجہد میں دی گئی ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں اور خدمات کی یاد دلاتا ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم ہر روز اپنی آزادی کی قدر اور اس کا احترام کرتے ہیں، مسلح افواج ہر قیمت پر مادر وطن کے دفاع، خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتی ہے۔