?️
اسلام آباد: (سچ خبریں) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پاکستان پر قومی مفادات کے منافی کوئی شرط عائد نہیں کرسکتا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ اب تک آئی ایم ایف کے تحت کی جانے والی تمام اصلاحات پاکستان کی اپنی معاشی ترجیحات کے مطابق ہیں اور ان سے قومی معیشت میں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’برائے کرم کوئی ایسی اصلاح بتائیں جو آئی ایم ایف نے تجویز کی ہو اور وہ ہمارے قومی مفاد سے مطابقت نہ رکھتی ہو‘۔
محمد اورنگزیب نے اعلان کیا کہ آئی ایم ایف رواں سال 31 دسمبر تک 1.2 ارب ڈالر کی قسط جاری کرے گا جو گزشتہ ہفتے طے پانے والے اسٹاف لیول معاہدے کے تحت ہے۔
انہوں نے کہا کہ فنڈ کا ایگزیکٹو بورڈ جلد اجلاس میں اس معاہدے کا جائزہ لے گا، جس کے بعد رقم جاری کر دی جائے گی۔
واشنگٹن کے 6 روزہ دورے کے اختتام پر وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ امریکا کے ساتھ تجارت اور ٹیرف سے متعلق معاہدہ ایک یا دو ہفتوں میں طے پا جائے گا۔
ورلڈ بینک گروپ کے سالانہ اجلاس میں شرکت کرنے والے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نیویارک میں واقع روزویلٹ ہوٹل کے بارے میں ’فیصلے کے قریب‘ ہے، جو پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی ملکیت ہے۔
سٹی گروپ سمیت دنیا کی 7 بین الاقوامی کمپنیوں نے نیویارک کے اس تاریخی ہوٹل کی نجکاری کے لیے پاکستان کو مشاورت فراہم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، یہ ہوٹل مین ہٹن میں واقع ہے اور اسے پاکستان کے قیمتی غیر ملکی اثاثوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد اس ہوٹل کی براہِ راست فروخت کے بجائے مشترکہ منصوبے کے ماڈل پر غور کر رہا ہے تاکہ طویل المدتی منافع بڑھایا جا سکے، یہ اقدام 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت نجکاری کے منصوبے کا حصہ ہے۔
پاکستان کی وی 20 ایجنڈے کی حمایت
علاوہ ازیں، پاکستان نے ہفتے کو 68 دیگر ممالک کے ساتھ مل کر عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کیا تاکہ کمزور معیشتوں کو ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں مدد مل سکے۔
یہ اپیل واشنگٹن میں عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ہونے والے غیرمحفوظ 20 (وی20) ممالک کے اجلاس میں کی گئی، جو ماحولیاتی خطرات سے دوچار ممالک کے وزرائے خزانہ پر مشتمل اتحاد ہے۔
یہ اتحاد ماحولیاتی مالیات تک منصفانہ رسائی اور عالمی قرض دینے کے نظام میں ایسی تبدیلیوں کا خواہاں ہے جو بحالی اور موافقت کی کوششوں میں مدد دے سکیں۔
محمد اورنگزیب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات کے وی 20 ایجنڈے کی مکمل حمایت کرتا ہے تاکہ ماحولیاتی مالیات زیادہ قابلِ رسائی اور کم لاگت ہو سکے۔
انہوں نے زور دیا کہ ماحولیاتی سرمایہ کاری کو کمزور معیشتوں کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے تاکہ پائیدار اور مستحکم ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
کلائمٹ رسک انڈیکس 2025 میں پاکستان کو پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے، حالانکہ وہ عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں محض 0.9 فیصد حصہ ڈالتا ہے، اس کے باوجود ملک غیر متناسب نقصانات برداشت کر رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کو ماحولیاتی خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے سالانہ 40 سے 50 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔
محمد اورنگزیب نے وی 20 اجلاس کو بتایا کہ حکومت قومی پالیسیوں کو اس ایجنڈے سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اصلاحات پر کام کر رہی ہے، جن میں کریڈٹ کے قابل منصوبہ جات کی تیاری، گرین بانڈز کا اجرا، اور سرمایہ کاری کے لیے کاربن مارکیٹ میکانزمز کی تشکیل شامل ہیں۔
سیلاب سے متعلق اقدامات
ایک علیحدہ ملاقات میں وزیر خزانہ نے ورلڈ بینک کے صدر اجے بانگا سے واشنگٹن میں ملاقات کی اور انہیں حکومت کی سیلاب سے نمٹنے کی کوششوں سے آگاہ کیا، یہ ملاقات بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس کے دوران ہوئی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق، وزیر خزانہ نے ورلڈ بینک کی جانب سے پوسٹ فلڈ نقصانات کے تخمینے کے بعد فراہم کی گئی بروقت امداد پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے چھوٹے کاشتکاروں تک مؤثر رسائی اور زرعی لچک میں اضافے کے لیے ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز اور کوآپریٹیوز کے استعمال کی تجویز کی بھی حمایت کی۔
مزید برآں، وزیر خزانہ نے عالمی بینک سے اضافی معاونت کی درخواست کی اور گیس و توانائی کے شعبوں میں اصلاحات کے لیے جامع حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ طویل المدتی پائیداری حاصل کی جا سکے۔
انہوں نے پاکستان کے ’کلائمٹ پراسپیرٹی پلان‘ کا بھی ذکر کیا جس کا مقصد ملک کو کمزوری سے لچک اور خطرے سے سرمایہ کاری کی سمت لے جانا ہے۔
ترک وزیر خزانہ مہمت شِمشیك سے علیحدہ ملاقات میں محمد اورنگزیب نے ٹیکس، توانائی، سرکاری اداروں، نجکاری اور مالی نظم و ضبط کے شعبوں میں جاری اصلاحات پر روشنی ڈالی۔
مشہور خبریں۔
میرے شوہر ہندو نہیں، مدیحہ امام کی ایک بار پھر وضاحت
?️ 4 جون 2024کراچی: (سچ خبریں) گزشتہ برس مئی میں غیر ملکی شخص سے شادی
جون
برطانیہ روس یوکرین امن معاہدے کے مخالف
?️ 27 مئی 2022سچ خبریں: برطانوی وزیر خارجہ لز ٹیریس نے جمعرات کو روس یوکرین
مئی
خودمختار پارلیمان امن، انصاف اور پائیدار ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ بلاول بھٹو
?️ 30 جون 2025اسلام آباد (سچ خبریں) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری
جون
غزہ میں 400 دن کی جنگ کے المناک اثرات؛ وہ بچے جو دنیا میں آئے بغیر ہی چلے گئے
?️ 10 نومبر 2024سچ خبریں:غزہ میں فلسطینی حکومت کے دفتر برائے اطلاعات نے صیہونی حکومت
نومبر
ہم تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں: چین
?️ 26 مارچ 2022سچ خبریں: چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بِن نے جزیرہ
مارچ
انسانی دماغ میں پہلی بار کمپیوٹر چپ نصب
?️ 30 جنوری 2024سچ خبریں: (سچ خبریں) ارب پتی بزنس مین ایلون مسک نے اعلان
جنوری
فلسطین کے حوالے سے امریکہ کے اقدامات کے برعکس نتائج
?️ 5 جولائی 2024سچ خبریں: آج آستانہ میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے
جولائی
مراد علی شاہ کی پریس کانفرنس
?️ 13 جولائی 2022کراچی:(سچ خبریں) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی
جولائی