ماسکو (سچ خبریں) روس نے چین کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس چین فوجی تعاون کسی بھی ملک کے خلاف نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے ماسکو بیجنگ اچھی ہمسائیگی کے سمجھوتے کی بیسویں سالگرہ کے موقع پر کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات عالمی نظام میں ذمہ دارانہ رویوں کا مثالی نمونہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روس اور چین دیگر ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت، دوغلے رویوں اور یک طرفہ پابندیوں کے سخت مخالف ہیں۔
سرگئی لاؤروف نے یہ بات زور دے کر کہی کہ روس چین فوجی تعاون مکمل طور پر دفاعی ہے اور یہ کسی بھی ملک کے خلاف نہیں۔
انہوں نے کہا کہ روس اور چین کے درمیان کوئی ارضی تنازعہ موجود نہیں اور دونوں ملکوں کی قیادت مشترکہ سرحدوں کو دوستی اور امن کی سرحد بنائے رکھنا چاہتی ہے اور یہ سوچ انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
سرگئی لاؤروف نے کہا کہ روس چین اچھی ہمسائیگی، دوستی اور تعاون کا سمجھوتہ سرد جنگ کے مروجہ فوجی اور سیاسی اتحاد سے زیادہ وسیع تر بنیادوں پر استوار ہے۔