سچ خبریں:روس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی یوکرائن میں فوجی کارروائیوں کی مذمت پر مبنی قرارداد کو ویٹو کر دیا۔
اسپوٹنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یوکرین پر حملوں کی مذمت کے سلسلہ میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے پیش کی جانے والی قرارداد کو روس نے ویٹو کر دیا ،رپورٹ کے مطابق قرارداد کے مسودے کے حق میں 11 ممالک نے ووٹ دیا جبکہ چین، بھارت اور متحدہ عرب امارات سمیت 4 ممالک نے اس میں حصہ نہیں لیا نیز ویٹو رکھنے والے روس نے مسودے کے خلاف ووٹ دیا۔
اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے واسیلی نیبنزیا نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں بتایا کہ روس نے یوکرائن میں اپنے فوجی آپریشن سے متعلق قرارداد کے مسودے کے خلاف ووٹ دیا ہے کیونکہ یہ بنیادی طور پر روس کے خلاف ہے۔
نیبنزیا نے کہا کہ روس یوکرائن کے ساتھ جنگ میں نہیں ہے، تاہم ڈونباس کے علاقے کی آبادی کے تحفظ اور یوکرائن سے نازیوں کو نکالنے کے لیے آپریشن کر رہا ہے، اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے نےمزید کہا کہ مغربی ممالک نے یوکرائن کو ایک جیو پولیٹیکل کھلاڑی میں تبدیل کر دیا ہےجبکہ روسی افواج جلد ہی یوکرائن میں اپنا مشن شروع کر دیں گی۔