سچ خبریں:اسرائیلی فورسز نے آج صبح مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر حملہ کر کے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔
فلسطین ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی شہریوں کے خلاف صہیونیوں کی معاندانہ کاروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے،آج صبح بھی صہیونی عسکریت پسندوں نے مغربی کنارے کے مختلف حصوں پر حملہ کیا، رپورٹ کے مطابق وسیع پیمانے پر حملے کے بعد مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں اور صیہونی عسکریت پسندوں کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہوگئیں۔
ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ صہیونیوں نے فلسطینیوں کے خلاف جنگی گولیاں استعمال کیں، عینی شاہدین کے مطابق صہیونی عسکریت پسندوں نے مغربی کنارے پر چھاپے کے دوران متعدد فلسطینی شہریوں کو بغیر کسی الزام کے حراست میں لیا،یادرہے کہ صیہونیوں کے معاندانہ اقدامات ایسے وقت میں ہورہے ہیں جب کہ فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے قبل ازیں صیہونی حکومت کے اشتعال انگیز اقدامات کی وارننگ جاری کردی تھی، اس گروپ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم صیہونی دشمن کو متنبہ کرتے ہیں کہ ہمارا ہاتھ ابھی بھی ٹریگر پرہے۔
فلسطینی مزاحمتی گروپوں نے یہ بھی کہا ہے کہ صہیونیوں کے بار بار ہونے والے جرائم کے جواب میں فلسطینیوں کو خاص طور پر مغربی کنارے میں اس جارح حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہئے،واضح رہے کہ حال ہی میں حماس اسلامی مزاحمتی تحریک کے انفارمیشن آفس نے مغربی کنارے میں صیہونی حکومت کے ساتھ جھڑپوں میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے اعدادوشمار سے متعلق ایک بیان جاری کیاجس میں کہا گیا کہ گذشتہ ماہ صیہونی عسکریت پسندوں نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں اور صیہونیوں کے مابین شدید جھڑپوں کے بعد 34 فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گذشتہ ماہ فلسطینیوں اور صیہونیوں کے مابین جھڑپوں میں تقریبا 4000 افراد زخمی ہوئے تھےجبکہ صیہونیوں نے گذشتہ ماہ 600 سے زیادہ فلسطینیوں کو حراست میں لیا تھا۔