سچ خبریں:ایران کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے امریکہ کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ جتنا جلدی ہوسکے خطہ سے اپنی فوج کو نکال لو ورنہ بھاری قیمت چکاناپڑے گی۔
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے امریکیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے امریکیوں کے لئے واضح کر دیا ہے کہ انکے پاس ابھی بھی وقت ہے کہ وہ خود سے علاقے کو چھوڑ دیں ورنہ انہیں اس خطے میں افغانستان میں پیش آنے والی بدترین صورتحال سے زیادہ بری صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے امریکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح تم ماضی میں منمانی کیا کرتے تھے اب اُس طرح تم اپنی من مانیاں نہیں کر پاؤگے اور یہ زمانہ اب گزر چکا ہے۔
شہید قاسم سلیمانی کے جانشین کمانڈر نے امریکیوں پر واضح کیا کہ اب مار کر بھاگ نکلنے کا دور ختم ہوا اور اگر کوئی حماقت انکی جانب سے ہوتی ہے تو اُس کا دنداں شکن جواب ایران کی مسلح افواج انہیں دیں گی،انہوں نے افغانستان میں بیس سال جارحیت کے بعد امریکہ کے ذلت آمیز انخلا کو اسکی ایک بڑی ناکامی سے تعبیر کیا۔
ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر نے پابندیوں اور دھمکیوں پر مبنی امریکی پالیسیوں کو بے سود قراد دیا اور کہا کہ امریکہ ان دو حربوں سے ایران سے کچھ حاصل نہیں کر سکے گا۔