کراچی (سچ خبریں) پاکستانی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ میوزک کنسرٹ کے دوران بدتمیزی کا واقعہ پیش آیا ہے۔جس کا ویڈیو بھی وائرل ہوا ہے اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹیج کے قریب کچھ لڑکے ان سے بدتمیزی سے پیش آرہے ہیں جس پر ان کا کہنا ہے کہ میں شو چھوڑ کر واپس چلی جاؤں گی۔
آئمہ بیگ کی جانب سے پنجاب کالج میں کیے گئے میوزک کنسرٹ کے دوران چند اوباش لڑکوں نے اُن سے بدتمیزی کی، آئمہ بیگ کے کنسرٹ کی وائرل ہوتی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے اسٹیج کے قریب کھڑے کچھ لڑکے اُن سے بد تمیزی سے پیش آ رہے ہیں۔
آئمہ بیگ پیچھے ہٹتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ ’دیکھو بد تمیزی کرو گے تو میں شو چھوڑ کر واپس چلی جاؤں گی، کسی ایک کی وجہ سے جو سارے یہاں اچھے لوگ کنسرٹ انجوائے کرنے آئے ہوئے ہیں اُن کے ساتھ یہ برا ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ جہاں سیاسی جلسوں میں خواتین کے ساتھ بدتمیزی کے واقعات عام ہو چکے ہیں وہیں اب میوزک کنسرٹس کے دوران شائقین کی جانب سے کبھی خواتین اور کبھی گلوکاروں کے ساتھ بد تمیزی کے واقعات بھی عام ہو چکے ہیں۔اس سے قبل بھی ایک میوزک شو میں موجود اوباشوں کی جانب سے لڑکیوں سے بد تمیزی کرنے پر معروف گلوکار عاطف اسلم شو چھوڑ کر چلے گئے تھے۔