اسلام آباد(سچ خبریں)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تازہ ترین اعداد و شمارحوصلہ افزا ہیں، کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کو روزگار فراہمی کا سب سے بڑا حکومتی منصوبہ بن گیا، کامیاب روزگار حاصل کرنے والے نوجوانوں کی تعداد بھی 50 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کامیاب جوان کی ایک اور کامیاب کہانی شیئر کردی۔ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ خانیوال کے رہائشی محمد آصف نے ڈیری فارمنگ کا کامیاب کاروبارشروع کیا۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ کاروبار کے لیے بڑی سرمایہ کاری نہیں کامیاب بزنس پلان کی ضرورت ہے۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ٹریننگ سے لے کر کاروبار کے آغاز تک ہر شعبے میں نوجوانوں کی مدد کر رہے ہیں، نوجوان کاروبار کی بہترین منصوبہ بندی کر کے مالی معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تازہ ترین اعداد و شمارحوصلہ افزا ہیں، بینکوں کو بلا تاخیر قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو قرض کے حصول میں درپیش مشکلات سے آگاہ ہوں، شفافیت کے پیش نظر اسکروٹنی کا عمل طے شدہ منصوبے کے تحت جاری رہے گا۔