اسلام آباد(سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آج ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کے لئے چار ناموں پر غور کیا جا رہا ہے جن میں سیف اللہ نیازی، اعجاز چوہدری، مرزا آفریدی اور عون عباس شامل ہیں، حکومت آج ناموں کا اعلان کرے گی تاہم حتمی نامزد فرد کا نام کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر حکمران جماعت کے لیے امیدوار کے لیے 4 ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔ چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے صادق سنجرانی کو نامزد کرنے کے بعد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے ناموں کا اعلان آج کیا جائے گا۔
جن افراد کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے ان میں سیف اللہ نیازی، اعجاز چوہدری، مرزا آفریدی اور عون عباس شامل ہیں تاہم نامزد فرد کے نام کا اعلان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے 12 مارچ کو ہونے والے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کی جانب سے 26 مارچ کو دھرنے پر بات چیت کے لیے کور کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ‘حکومت نے ارادتاً ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کی جگہ خالی رکھی تا کہ نہ صرف حکومت کی اتحادی جماعتوں بلکہ اس معاملے پر بارگیننگ کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو بھی راغب کیا جاسکے۔چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب حکومت کے لیے خاصہ مشکل لگ رہا ہے کیوں کہ ایوانِ بالا میں اپوزیشن اراکین کو اکثریت حاصل ہے۔
چنانچہ 12 مارچ کو حکومت کے لیے یہ انتخاب جیتنا اس وقت تک ممکن نہیں جب تک کچھ اپوزیشن اراکین حکومت کو ووٹ نہ دیں یا خفیہ بیلٹ کے دوران اپنے ووٹ ضائع نہ کردیں۔ اس وقت ایوانِ بالا میں 99 اراکین موجود ہیں ان میں مسلم لیگ (ن) کے خودساختہ جلاوطنی اختیار کرنے والے رہنما اسحٰق ڈار شامل نہیں جنہوں نے اپنی نشست کا حلف بھی نہیں اٹھایا تھا۔