کراچی (سچ خبریں) شارجہ سے کراچی آنے والی قومی ایئرلائن(پی آئی اے) کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی، طیارے میں سو سے زائد سے مسافر سوار تھے تاہم کپتان نے طیارے کو بحفاظت کراچی ایئر پورٹ پر اتارا،کئی پرندے ٹکرائے جس کے باعث جہاز کے ونگ کو نقصان پہنچا۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ شارجہ سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز بھی حادثے سے بچ گئی۔ طیارے کے سامنے اور ونگ سے کئی پرندے ٹکرائے جس کے سبب مذکورہ حصوں کو نقصان پہنچا ہے۔
کپتان نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت کراچی ائیر پورٹ پر اتار لیا۔لینڈنگ سے قبل طیارے کے ونگ سے پرندے ٹکرائے جس کی وجہ سے ایئر بس 320طیارے کے ونگ کو شدید نقصان پہنچا۔ طیارے میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے۔ کپتان نے طیارے کو بحفاظت کراچی ایئرپورٹ اتارا۔
پرندے ٹکرانے کی وجہ سے طیارے کو گراؤنڈ کردیا گیا جس کی وجہ سے کراچی سے لاہور جانے والی پرواز منسوخ کردی گئی۔ 24گھنٹے کے دوران پی آئی اے کے 2 طیارے سے پرندے ٹکرانے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ذرایع کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران مختلف ایئرپورٹس پر مجموعی طور پر 5سے زائد پرندے ٹکرانے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔