اسلام آباد (سچ خبریں)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان استحکام کی طرف گامزن ہے، تاہم کئی طاقتیں ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہیں۔ ملک میں دہشت گردی کی شکست لازمی ہے، دنیا میں کسی ملک نے اس طرح سے دہشتگردوں کو شکست نہیں دی جیسے پاکستان نے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ دنیا میں کسی ملک نے اس طرح سے دہشتگردوں کو شکست نہیں دی جیسے پاکستان نے دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار اسلام آباد میں 2 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ افغان سرحد پر 2600 کلومیٹر پر باڑ لگانے کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو اتنی سیکیورٹی دی جتنی ان کی فوج نہیں ہے، ملک میں کرکٹ کو تمام سیکیورٹی دی جارہی ہے۔
دوسری جانب لاہور دھماکے کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ خون دینا اور خبر دینا 2 مختلف چیزیں ہوتی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ کل لاہور میں 1 واقعہ ہوا، 18 تاریخ کو اسلام آباد میں کانسٹیبل شہید ہوا اور 2 دہشت گرد مارے گئے۔
شیخ رشید کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد میں 18 جنوری کو کانسٹیبل کی شہادت کے واقعے کی ٹی ٹی پی نے ذمے داری قبول کی۔وفاقی وزیرِ داخلہ نے یہ بھی بتایا کہ مارے جانے والے دونوں دہشت گردوں کے پاس سے 6 فون نکلے ہیں۔