اسلام آباد(سچ خبریں) وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کو تین مختلف اقسام کا اعزازیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی ملازمین کو اچھی کارگردگی پر ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ کے برابر پرفارمنس اعزازیہ ملے گا۔کوئی اسپیشل ٹاسک مکمل کرنے والے افسران کو دو ماہ کی تنخواہ کے مساوی خصوصی اعزازیہ دیا جائے گا۔
جب کہ تیسرے بجٹ اعزازیہ سے وزیراعظم آفس، وزارت خزانہ، ریونیو ڈویژن ، ایف بی آر اور وزارت منصوبہ بندی سمیت متعلقہ ملازمین مستفید ہوں گے۔ قبل ازیں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے میں اہم خبر سامنے آئی ۔بتایا گیا کہ حکومت نے تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کیلئے آئی ایم ایف کو اعتماد میں لے لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن کیلئے 780 ارب مختص ہونے کا امکان ہے۔
۔خزانہ ڈویژن نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے 3 تجاویز دی ہیں۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 5 سے 10 فیصد اضافے پر غور کیا جا رہا ہے۔ گریڈ ایک سے 19 تک تنخواہوں میں 10 فیصد ایڈہاک الاؤنس کی مد میں اضافے پر غور کیا جا رہا ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ گریڈ 20 تا 22 کے ملازمین کیلئے 10 فیصد تک اضافے کی تجویز ہے۔ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 5 سے 10 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کی منظوری وزیراعظم شہباز شریف دیں گے۔ مالی وسائل مدِنظر رکھ کر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔30 جون تک سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔قبل ازیں بتایا گیا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا معاملہ آئی ایم ایف کی منظوری سے منسلک ہے۔ آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں نہ بڑھائی جائیں۔ وزارت خزانہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کی تجاویز آئی ایم ایف کے سامنے رکھے گی گی۔