اسلام آباد(سچ خبریں) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نےپاکستان کی حکومت اور تحریک طالبان پاکستان کے مابین مذاکرات کے حوالے سے گفتگو میں کہا ہے کہ اگر افغان طالبان کوئی مذاکرات کررہے ہیں تو میرے نوٹس میں نہیں وزارت داخلہ کا مذاکرات سے متعلق معاملے میں کوئی کردار نہیں ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات شروع ہی نہیں ہوئے اور اس میں وزارت داخلہ کا کوئی کردار نہیں ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر افغان طالبان کوئی مذاکرات کررہے ہیں تو میرے نوٹس میں نہیں اور اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کا وزارت داخلہ سے کوئی تعلق نہیں ہے، وزیر اعظم عمران خان کا فیصلہ ہے کہ جو لوگ ہتھیار چھوڑ کر پاکستان کے آئین اور قانون پر یقین رکھیں گے، اس سے بات چیت ہوسکتی ہے، لیکن جو لوگ دہشت گرد ہیں ان سے بات نہیں ہوسکتی۔
خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت خود وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید بھی ٹی ٹی پی کے کچھ گروہوں سے مذاکرات اور عام معافی سے متعلق بیان دے چکے ہیں جس پر انہیں پیپلز پارٹی سمیت متعدد سیاسی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔