(سچ خبریں)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مہنگائی ایک عالمی مسئلہ ہے تاہم پاکستان کا شمار اب بھی دنیا کے سستے ترین ممالک کی فہرست میں شمار ہوتا ہے۔وہ آج(پیر) اسلام آباد میں احساس رعایت راشن پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وہ آج(پیر) اسلام آباد میں احساس رعایت راشن پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر اعظم نے ٹیکسوں کی وصولی میں اضافے کے ساتھ معاشرے کے پسماندہ طبقوں کی ترقی اور انہیں مزید ریلیف فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ احساس رعایت راشن پروگرام کے بارے میں وزیر اعظم نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقوں پر مہنگائی کا بوجھ کم کرناہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت بیس لاکھ مستحق خاندانوں کو آٹا، دالوں اور پکانے کے تیل پر ماہانہ 30 فیصد اعانت دی جائے گی۔ عمران خان نے کہا کہ مہنگائی ایک عالمی مسئلہ ہے تاہم انہوں نے کہاکہ پاکستان کا شمار اب بھی دنیا کے سستے ترین ممالک کی فہرست میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دوبئی اور برصغیر کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہیں۔ احساس پروگرام کے مختلف اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پروگرام کے تحت 98 فیصد فنڈز خواتین کو فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ انہیں معاشی طور پر با اختیار بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت طلبا کے مقابلے میں طالبات کے وظائف بھی زیادہ ہیں۔