اسلام آباد (سچ خبریں) مسلم لیگ ضیاء الحق کے سربراہ اعجاز الحق نے روزنامہ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں صدارتی نظام کی نہ گنجائش ہے اور ہی قوم کو اس کا کوئی فائدہ ہو گا کیونکہ صدارتی نظام کے ذریعے بھی وہی لوگ اقتدار میں آنے کے خواہشمند ہیں جو اب بھی اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں۔اعجاز الحق نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہے موجودہ حکمرانوں کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بھی کوئی مثالی تعلقات نہیں ہیں جو کہ ملک مفاد میں نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت گرانے کے لیے اپوزیشن کی ضرورت نہیں ، یہ خود اپنی غلطیوں سے گرے گی۔خیال رہے کہ ملک میں صدارتی نظام کے حوالے سے افواہوں میں تیزی آ گئی ہے صدارتی نظام کے لئے پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے کارکنوں نے بھی خصوصی مہم شروع کر دی ہے۔
تحریک انصاف کے کا رکنوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر صدارتی نظام کی حمایت میں پوسٹیں لگانے میں تیزی کردی ہے اور سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے خصوصی طور پر مہم شروع کردی ہے،صدارتی نظام کو نا فذ کرنے اور آئین کو معطل کرنے کی افواہوں میں تیزی آنا شروع ہوگئی ہے، اسی حوالے سے سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ صدارتی نظام کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں، اپوزیشن وزیراعظم کے خلاف جو زبان استعمال کرتی رہی، اب اگر وزیراعظم نے نالائق اپوزیشن کو آئینہ دکھایا ہے تو برا مان گئے۔
پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر شیری رحمن کے نکتہ اعتراض کے جواب میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ صدارتی نظام کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں، اپوزیشن اس قابل کہ نہیں کہ ان کو دھمکی دی جائے، صرف نالائق اور نا اہل ہیں، عدالتوں نے انہیں نا اہل قرار دیا۔