لاہور (سچ خبریں) وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو اہم مشورہ دے ڈالا۔اپوزیشن کا خیال ہے کہ مدرسے کے بچے اکٹھے کر کے حکومت بدل دیں گے، حکومت ایسے نہیں بدلتی، اس کے لیے کام کرنا پڑتا ہے، نظریہ دینا پڑتا ہے، محنت کرنا پڑتی ہے۔
پنڈ دادن خان میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز الیکشن لڑنا چاہتی ہیں تو پہلے میئر کا الیکشن لڑیں، آپ کو پتہ لگ جائے گا کہ آپ کتنے پانی میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے علاقوں میں ان لوگوں نے زیادتی کی، نواز شریف نے تیسری مرتبہ وزیرِ اعظم بننے کے لیے پنجاب کا سودا کیا، ان کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ مدرسے کے بچے اکٹھے کر کے حکومت بدل دیں گے، حکومت ایسے نہیں بدلتی، اس کے لیے کام کرنا پڑتا ہے، نظریہ دینا پڑتا ہے، محنت کرنا پڑتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کل جو قانون پاس ہوا ہے اس کے تحت پنجاب کو بھی دیگر صوبوں کی طرح گیس ملے گی، ہماری انڈسٹری اور زراعت کا بیڑا غرق کیا گیا۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے موٹر وے نکالی تو پنجاب کے تمام شہر نقصان میں چلے گئے، تمام شہروں کو ان منصوبوں سے مکھن سے بال کی طرح نکال دیا۔ان کا کہنا ہے کہ 2016ء میں یہاں پینے کا پانی نہیں تھا، عمران خان نے پانی کے منصوبوں پر کام شروع کرایا۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات نے کہا کہ جو لوگ تحریکِ عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں ان پر گھر والے بھی اعتماد نہیں کرتے، ان پر قوم کیا اعتماد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف جھوٹ بول کر ملک سے باہر گئے، یہ لوگ عوام کے مجرم ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان چین اور اقوام متحدہ جاتے ہیں تو پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوتا ہے، وزیرِ اعظم غریب عوام کا سوچتے ہیں۔انہوں نے پاکستانی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کی جیب میں موجود شناختی کارڈ 10 لاکھ کا صحت کارڈ ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ اپوزیشن سے کہا تھا کہ بتا دیں تیل کی قیمت بڑھ جائے تو ہم کیا کریں، اگر یہ قرضہ نہ لیتے تو ہم سبسڈی دے سکتے تھے۔فواد چوہدری نے یہ بھی کہا ہے کہ ان لوگوں نے دونوں ہاتھوں سے پاکستان کو لوٹا ہے۔