اسلام آباد (سچ خبریں) وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ان کا کہنا تھا کہ بلاول، آصف ذرداری کی کرپشن کے وارث ہیں۔ بلاول صاحب، آپ کو اور آپ کی پارٹی کو کرپشن اور حکومت پر تنقید برائے تنقید کے سوا کچھ نہیں آتا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ بلاول صاحب، گلگت بلتستان کےحالیہ انتخابات میں آپ کے اُمیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوئیں، آزاد کشمیر الیکشن میں بھی ایسی ہی شکست آپ کی منتظر ہے، پوری قوم جانتی ہے کہ گلگت بلتستان کے الیکشن سے قبل بھی آپ ایسے ہی بلبلا رہے تھے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی پوزیشن سب سے بہتر ہے، وہاں پی ٹی آئی کی ہی حکومت بنے گی۔فرخ حبیب نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے جس الیکشن میں بلاول اور مریم گئے وہاں پی ٹی آئی کو ریکارڈ ووٹ حاصل ہوئے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی بلاول بھٹو کے بیان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں بلاول اور مریم الیکشن مہم میں چلاچلا کر پاگل ہوگئے، بعد میں ان پر انکشاف ہوا ان کی جماعتوں کے ٹکٹ پر ایک تہائی امیدوار بھی انتخاب نہیں لڑ رہے تھے۔
سوشل میڈیا پر دیئے گئے اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ کشمیر میں پیپلز پارٹی کے 8 امیدوار الیکشن کی ریس میں ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ بلاول کی گفتگو سے لگتا ہے ان کو اپنی پارٹی پوزیشن کا پتہ ہی نہیں۔