اسلام آباد: (سچ خبریں) الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کوآرٹیکل 63 ون پی کے تحت نااہل قرار دے دیا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے توشہ خانہ ریفرنس کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ،کراچی ،لاہور اورپشاور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کا احتجاج شروع ہو گیا۔راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے کارکنان فیض آباد پہنچ گئے اور سڑک بلاک کر دی۔
پولیس کی فیض آباد میں مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی بھی اطلاعات ہیں۔ذرائع کے مطابق فیض آباد، ایکسپریس ہائی وے ، مری روڈ ، بے نظیر چوک ، گولڑہ موڑ ، سترہ میل، اسلام آباد کے اہم داخلی و خارجی راستوں پر تعینات پولیس نفری کو آنسو گیس کے شیلز فراہم کیے گئے۔راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام ہو گیا۔
پشاور میں بھی عمران خان کی نااہلی کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں کا احتجاج جاری ہے۔
اس کے علاوہ لاہور میں بھی پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی ہے جن میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کر دی ہیں۔احتجاج کا سلسلہ مختلف شہروں تک پھیل چکا ہے۔عمران خان کی نااہلی کے خلاف لاہور کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔کراچی میں پی ٹی آئی کارکنان کی تعداد باہر نکل آئی ہے۔
مظاہرین کی جانب سے عمران خان کی نااہلی نامنظور کے نعرے لگائے جا رہے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کے خلاف بھی احتجاج کیا جا رہا ہے۔خیال رہے الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ سنادیا۔الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 63 پی کے تحت نااہل قراردیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق عمران خان کی نااہلی 5 رکنی کمیشن کا متفقہ فیصلہ ہے۔
الیکشن کمیشن کے توشہ خانہ ریفرنس کے فیصلے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے غلط گوشوارے جمع کروائے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان رکن قومی اسمبلی نہیں رہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کی قومی اسمبلی کی سیٹ خالی قرار دیا گیا،الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔