اسلام آباد(سچ خبریں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم حکومت کی اتحادی ہے، ہمیں اپنے اتحادیوں پر مکمل اعتماد ہے، حکومت کو کوئی گھبراہٹ نہیں۔ تحریک انصاف ایک گروپ ہے اور عمران خان اس کا نام ہے۔ ن لیگ پنجاب تک محدود ہوگئی ہے اور پیپلز پارٹی سندھ تک محدود ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق جیونیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت کی اتحادی ہے، وہ کراچی میں پی پی کے خلاف احتجاج کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت کو چھوڑکر پیپلز پارٹی کا ساتھ دے اس کی کیا منطق ہے؟ تحریک انصاف ایک گروپ ہے اور عمران خان اس کا نام ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ سینیٹ میں اکثریت ہونے کے باوجود اپوزیشن کو شکست ہوئی، اپوزیشن کی اپنی صفوں میں یکسوئی نہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ ہر الیکشن چیلنج ہوتا ہے، الیکشن کو کبھی آسان نہیں لینا چاہیے، خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی کی پرفارمنس کہاں ہے؟
وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ نے کے پی میں کتنی سیٹیں جیتیں؟ کتنے ووٹ لیے؟ جے یو آئی ف نے کے پی میں ووٹ لیے، یہ ایک حقیقت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی غلطیوں سے سیکھ کر معاملات درست کریں گے، پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم بنائی اور اپنے مفادات کےلئے پی ڈی ایم کو توڑ دیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ن لیگ پنجاب تک محدود ہوگئی ہے اور پیپلز پارٹی سندھ تک محدود ہوگئی، تحریک انصاف وفاقی جماعت ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ جس کی سوچ وفاقی ہے وہ اپنی صفیں تحریک انصاف کے ساتھ جوڑے گا، وفاق کی سطح پر کسی جماعت کو پذیرائی حاصل ہے تو وہ پی ٹی آئی کو ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ مشکلات، مہنگائی، چیلنجز ہیں، لوگ سمجھتے ہیں کہ عمران خان ایماندار ہیں، اس ملک کے ساتھ وفادار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے پی بلدیاتی انتخابات میں ہماری صفوں میں یکسوئی نہیں تھی، ہمارے لوگوں نے اپنی مفادات کو پارٹی کے مفادات پر ترجیح دی، جس کا ہمیں نقصان ہوا۔