اسلام آباد: (سچ خبریں) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) اور تاجروں کے درمیان تاجر دوست اسکیم پر مذاکرات کا ایک اور دور بے نتیجہ ختم ہو گیا تاہم دونوں فریقین نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ایف بی آر اور تاجروں کے درمیان تاجر دوست اسکیم پر مذاکرات کا ایک اور دور ہوا لیکن ایک مرتبہ پھر یہ مذاکرات بے نتیجہ ختم ہو گئے۔
مذاکرات کے دوران تاجروں نے ایک بار پھر ٹیکس ویلو ایشن ٹیبل مسترد کرتے ہوئے اسے تاجر دشمن اقدام قرار دیا۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ ایف بی آر کے ساتھ آج تاجروں کے مذاکرات ہوئے، ایف بی آر سے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ ویلیوایشن ٹیبل ناقابل عمل فارمولا ہے اور ایف بی آر پر واضح کیا کہ ویلیوایشن ٹیبل کسی صورت قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں نے ایف بی آر کو فکس ٹیکس کی تجویز دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ایف بی آر سے مذاکرات میں ناکامی پر ہڑتال اور سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر پر یہ بھی واضح کیا کہ انکم ٹیکس آمدن پر ہوتا ہے ویلیوایشن پر نہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر سے تاجر دوست اسکیم پر مذاکرات کا ایک اور دور بے نتیجہ ختم ہو گیا لیکن تاجروں اور ایف بی آر نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔