اسلام آباد (سچ خبریں) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان، بھارت کے ساتھ تقریباً 5 سال سے بھارتی جیل میں قید پاکستانی خاتون سمیرا کے کیس کی بھرپور طریقے سے پیروی کر رہا ہے اور ان کی رہائی کی اور وطن واپسی کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں اور پاکستانی ہائی کمیشن بھارتی وزارت خارجہ سے جواب کا منتظر ہے۔
رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے بتایا کہ اس حوالے سے وزارت خارجہ اور نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن سمیرا اور ان کی 4 سالہ بیٹی کی جلد رہائی اور وطن واپسی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ کو 17 فروری کو وزارت داخلہ سے ان کی شہریت کی تصدیق موصول ہوئی تھی اور اسی دن نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے بھارت کی وزارت خارجہ کو تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا تھا۔
نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ترجمان جمیل بیتو کے مطابق پاکستانی مشن نے 18 فروری کی صبح بھارتی فریق کے ساتھ معاملے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ان کے مطابق بعد از دوپہر میں سفارت خانے کے ناظم الامور آفتاب حسن خان نے متعلقہ کونسلر کے ساتھ بھارتی وزارت خارجہ کے حکام سے ذاتی طور پر ملاقات کی اور ان سے کہا کہ وہ اس معاملے سے عام کیس کے طور پر نہیں بلکہ انسانی تشویش کے فوری معاملے کے طور پر نمٹیں۔
اس سلسلے میں جمعرات کو پاکستانی ہائی کمیشن نے اس معاملے کو فوری حل کرنے کی ضرورت سے آگاہ کرتے ہوئے بھارتی وزارت خارجہ کو تحریری طور پر ایک یاد دہانی دی۔ساتھ ہی آفتاب حسن خان نے بھی جمعرات کی سہ پہر بھارتی وزارت خارجہ کے متعلقہ حکام سے فون پر بات کی۔