اسلام آباد: (سچ خبریں) الیکشن کمیشن نے 4 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لئے نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔الیکشن کمیشن کے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق این اے 157 ملتان، پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 241 بہاولنگر اور پی پی 209 خانیوال میں پولنگ 9 اکتوبر کو ہو گی۔نئی تاریخ کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔
گزشتہ ہفتے ملک بھر میں 13 حلقوں میں ضمنی انتخابات کی پولنگ تاریخوں کو ملتوی کیا گیاتھا۔11، 25 ستمبر اور 2 اکتوبر کو ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ ہونی تھی،سیلاب کی تباہ کاریوں اور لوگوں کی نقل مکانی کے باعث الیکشن ملتوی کیے گئے تھے۔ ضمنی انتخابات کی صرف پولنگ کی تاریخوں کو ملتوی کیا گیا، ضمنی الیکشن کے باقی مراحل شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
بتایا گیا کہ انتخابات کے دوران سکیورٹی فرائض اور دیگر انتظامات کرنے والے ادارے سیلاب متاثرین کی امداد میں مصروف ہیں، اس لیے سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے الیکشن ملتوی کیے گئے ہیں۔ خیبرپختونخواہ میں دہشتگردی کے واقعات ہوئے ہیں جبکہ لوگوں کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی بھی ہوئی ہے اس لیے بھی الیکشن نہیں ہوسکتا۔ بتایا گیا ہے کہ ضمنی الیکشن کے باقی مراحل الیکشن شیڈول کے مطابق مکمل ہوں گے۔
لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ نے 11 ستمبر کے ضمنی انتخابات روکنے پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ نے قرار دیا کہ ملتان میں کوئی سیلاب نہیں،الیکشن ملتوی کرنے کی وجوہات بتائی جائیں؟اگر تفصیلی جواب جمع نہیں ہوتا تو عدالت فیصلہ کرے گی۔ درخواست گزار وکیل علی صدیقی نے کہا کہ سیٹ خالی ہونے پر 60 روز میں الیکشن کرانا انتہائی ضروری ہے،20 ستمبر کو 60 روز مکمل ہوجائیں گے لیکن الیکشن کمیشن نے انتخاب روک دیا۔