اسلام آباد (سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا ان کیمرا طویل اجلاس ہوا جو لگ بھگ آٹھ گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا۔ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے ان کیمرہ اجلاس میں آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، دیگر عسکری حکام، اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت سیاسی قیادت اور چاروں وزرائے اعلیٰ بھی شریک تھے اجلاس میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ امریکہ کو ہوائی اڈے نہیں دیں گے۔
پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے آٹھ گھنٹے طویل اجلاس کے بعد صحافی کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح کہا کہ اس بار ہم امریکہ کو ہوائی اڈے نہیں دیں گے۔
گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے مقبوضہ کشمیر، افغانستان اور قومی سلامتی کی صورتحال پر اراکین اسمبلی کو بریفنگ دی تھی۔
پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔ اعلامیے کے مطابق ارکان کی سفارشات کو سکیورٹی پالیسی کا اہم حصہ گردانا جائے گا۔ پارلیمنٹ میں قومی سلامتی کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس سے قبل سکیورٹی کے خصوصی اقدامات کیے گئے، قومی سلامتی کے اس غیر معمولی اجلاس سے قبل تمام شرکا سے موبائل فون لے لیے گئے تھے۔
پارلیمانی کمیٹی قومی سلامتی کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ سیاسی و پارلیمانی قیادت نے افغانستان میں امن ، ترقی ، خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا ، پاک سرزمین افغانستان کیلئے استعمال نہیں کی جارہی، امید ہے افغان زمین بھی پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، افغانستان میں حقیقی عوامی حکومت کا خیرمقدم کریں گے،افغان سرحد پرکسٹمز اور بارڈر کنٹرول کا بھی مئوثر نظام تشکیل دیا جارہا ہے۔ سیاسی اور پارلیمانی قیادت نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا۔