سچ خبریں:فلسطینی ذرائع نے اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں متعدد دیگر فلسطینیوں کی گرفتاری کی اطلاع دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں 13 فلسطینیوں کو حراست میں لیا ہے۔
فلسطینی کی وفا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی ذرائع نے اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں متعدد دیگر فلسطینیوں کی گرفتاری کی اطلاع دی، رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے آج مغربی کنارے کے مختلف علاقوں سے 13 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا، فلسطینی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے شہر الخلیل اور بیت لحم کے مشرقی قصبوں زعطرہ اور رام اللہ کے شمال مشرق میں سلواد اور طولکرم کے شمال میں صیادون علاقوں پر چھاپے مارے جہاں فلسطینیوں کے گھروں کی تلاشی لی اور ان میں سے 10 کو گرفتار کر لیا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز نے حال ہی میں صیہونی جیل سے رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں میں سے بھی ایک کو حراست میں لے لیا، صہیونی عسکریت پسندوں نے رہا ہونے والے قیدی کو جنوبی نابلس میں زطرہ چوکی سے گزرتے ہوئے دو دیگر نوجوانوں کے ساتھ گرفتار کیا،یادرہے کہ گزشتہ روزبھی صیہونی حکومت نے 33 فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔
یادرہے کہ جہاں ایک طرف صیہونیوں کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف دہشتگردانہ کاروائیوں میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے وہیں دوسری طرف مزاحمتی تحریک کی جانب سے بھی صیہونیوں کے مقابلہ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔