سچ خبریں:اقوام متحدہ میں فلسطینی مندوب نے صیہونیوں کی جانب سے فلسطینی عوام پر مسلسل ظلم و ستم روا رکھنے پر اس غاصب اور جابر حکومت کے خلاف شکایت کی ہے۔
اقوام متحدہ میں فلسطینی نمائندے نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل، سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہوں کے نام ایک مراسلہ ارسال کر کے فلسطینی عوام واس سرزمین کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے منصوبہ بند حملوں کی شکایت درج کرائی، فلسطینی نمائندے ریاض منصور نے اپنے مراسلے میں لکھا ہے کہ جرائم اور غیر قانونی اقدامات کی انجام دہی پر مراعات دئے جانے اور جوابد ہی پر مجبور نہ کئے جانے کے باعث غاصب صیہونی حکومت روز بروز مزید جرائم کے ارتکاب کے لئے زیادہ گستاخ ہوتی جا رہی ہے۔
فلسطینی نمائندے نے لکھا کہ سال دوہزار اکیس، دوہزار چودہ میں غزہ پر بہیمانہ حملے کے بعد سب سے زیادہ خونبار سال ثابت ہوا ہے اور غاصب صیہونی حکومت نے دوہزار اکیس کے دوران مقبوضہ علاقوں میں تین سو چوبیس فلسطینی منجملہ چھیاسی بچوں کو قتل کیا ہے۔
انہوں نے اسی طرح مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی مکانات کی مسماری، انکی زمینوں پر غیر قانونی بستیوں کی تعمیر اور مسلمانوں کے مقامات مقدسہ میں صیہونیوں کی دراندازی پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا اور لکھا کہ اس قسم کے صیہونی اقدامات قوانین کی کھلی خلاف ورزی شمار ہوتے ہیں۔
فلسطین کے نمائندے نے اپنے مراسلے میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی حکومت کے جرائم پر اپنی خاموشی کو توڑ کر اس سلسلے میں مطلوب اپنا کردار ادا کریں۔