سچ خبریں:فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ اور فلسطینی گروپوں نے غزہ میں ایک عمارت میں آگ لگنے سے 21 فلسطینیوں کی ہلاکت کے بعد عوامی سوگ کا اعلان کیا ہے۔
فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ جمعرات کی شب غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع جبالیہ کیمپ کی ایک عمارت میں آگ لگنے کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق ہوگئے،طبی ذرائع نے بتایا کہ طبی اور شہری دفاع کی ٹیموں نے جلتی ہوئی عمارت سے 21 فلسطینیوں کی لاشیں نکالیں جن میں کئی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
غزہ کی وزارت داخلہ نے بھی اعلان کیا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ عمارت میں بڑی مقدار میں پٹرول کی موجودگی آگ کی وجہ بنی،اس واقعے کے بعد فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے عوامی سوگ کا اعلان کیا اور سرکاری اداروں میں فلسطینی پرچم جھکا دیا گیا۔
اس سلسلے میں مصالحتی عمل میں اقوام متحدہ کے خصوصی رابطہ کار ٹور ونس لینڈ نے اس واقعے میں 20 سے زائد افراد کے جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ 2006 سے غزہ کی پٹی زمینی، فضائی اور سمندری راستے سے صیہونی حکومت کے ظالمانہ محاصرے میں ہے، تاہم اس کے باوجود دسیوں ہزار فلسطینیوں نے اس واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔